Jun ۲۲, ۲۰۲۲ ۲۲:۲۹ Asia/Tehran
  • امریکہ نے ہمارے سربراہ کو پتھر کے دور میں دھکیلنے کی دھمکی دی: عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کو خوف تھا کہ میں لیفٹیننٹ جنرل فیض کو آرمی چیف لانا چاہتا ہوں تو ان کا مستقبل تباہ ہوجائے گا۔

سحر نیوز/ پاکستان: اسلام آباد میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ خرم دستگیر نے بیان دیا کہ عمران خان اپنا آرمی چیف لانا چاہتا تھا، میں نے سوچا بھی نہیں تھا کہ ملک کا اگلا آرمی چیف کون ہوگا، ہم نے طے کیا تھا کہ وقت آنے پر میرٹ پر فیصلہ کیا جائے گا۔

عمران خان نےکہا کہ امریکہ نے ہمارے سربراہ کو پتھر کے دور میں دھکیلنے کی دھمکی دی، امریکا ہمارے مفاد کیلئے نہیں اپنے مفاد کیلئے حکومت تبدیل کرتا ہے۔ امریکا چاہتا ہے ہندوستان مضبوط ہو اور چین کے مقابلے میں آجائے، امریکا کا ایجنڈا ہے اسرائیل کو تسلیم کرو ،کشمیر کو بھول جاؤ ہے۔

پاکستان کے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ان کو خوف تھا میں جنرل فیض کو آرمی چیف لانا چاہتا ہوں، تو ان کا مستقبل تباہ ہوجائے گا جبکہ میں اللہ کو حاضر ناظر جان کر کہتا ہوں کہ میں نے کبھی یہ نہیں سوچا تھا کہ نومبر میں کس کو آرمی چیف بناؤں گا، عمران خان کو ضرورت نہیں تھی کہ وہ اپنا آرمی چیف لائے ۔

انہوں نے کہا میں نے ہمیشہ کہا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے مفادات ایک ہیں، ماضی میں الیکشن جیتنے کیلئے دونوں ایک دوسرے پر الزام تراشی کرتے رہے لیکن میرے خلاف دونوں ایک ہوگئے۔

پاکستان کے سابق وزیراعظم کا کہنا ہے کہ جب نیب رانا ثنا اللہ کے ماتحت ہو تو اندازہ کریں کیا ہوگا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ ن دونوں جماعتوں کو فوج سے خطرہ ہے کیونکہ انکی چوری کی رپورٹ آئی ایس آئی اور دیگر حساس اداروں کے پاس ہوتی ہے۔

ٹیگس