Jun ۲۵, ۲۰۲۲ ۲۲:۴۰ Asia/Tehran
  • عمران خان نے حکومت مخالف ریلی کی کال دے دی

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے 2 جولائی کو پریڈ گراؤنڈ میں حکومت مخالف احتجاجی جلسے کا اعلان کرتے ہوئے تمام بڑے شہروں کے کارکنوں کو ہدایت دی ہے کہ وہ اپنے اپنے شہروں میں ہفتے کی رات کو جلسوں کا اہتمام کریں۔

سحر نیوز/ پاکستان: بنی گالہ میں نیوز کانفرنس کے دوران انہوں نے کہا کہ میں پریڈ گراؤنڈ میں منعقد ہونے والے جلسے سے خطاب کروں گا جہاں راولپنڈی اور اسلام آباد سے لوگ جمع ہوں گے جبکہ آپ اپنے اپنے شہروں میں ہونے والے جلسوں میں بھرپور شرکت کریں کیونکہ یہ ہمارے بچوں کے محفوظ مستقبل کے لیے بہت ضروری ہے۔

انہوں حکومت کی جانب سے ’سپر ٹیکس‘ عائد کیے جانے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے اس ٹیکس سے مزید مہنگائی ہوگی اور متعدد انڈسٹریاں بند ہونا شروع ہوگئی ہیں اور کئی صنعتوں نے ملازمین کو فارغ کردیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پیٹرول اور ڈیزل مہنگا کرنے میں حکومت رکے گی نہیں کیونکہ پیٹرولیم لیوی کے نام پر 50 روپے فی لیٹر قیمتوں میں اضافہ کیا جائیگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے بجٹ میں عام آدمی کا معاشی قتل کردیا ہے اور اس پر سپر ٹیکس سے چیزیں بنانے کا خرچہ اور انڈسٹری پر بوجھ بڑھے گا۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ مشکل کا شکار تنخواہ دار طبقے پر ٹیکس بڑھادیا ہے۔

عمران خان نے کہا کہ حکومت کی جانب سے عائد کردہ ٹیکس سے تنخواہ دار طبقہ ویسے ہی پریشان ہے اور اب زراعت کو بھی تباہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے حکومت نے ایک لاکھ تنخواہ دار کو ٹیکس چھوٹ دی تھی، اب انہوں نے 50 ہزار روپے تنخواہ دار پربھی ٹیکس لگادیا ہے۔

سابق وزیرا عظم نے کہا کہ ہم موجودہ لوگوں پر ٹیکس نہیں ڈالنا چاہتے تھے لیکن ٹیکس نیٹ بڑھانا چاہتے تھے اور اس کے لیے اپریل سے ہم نے لوگوں کوٹیکس نیٹ میں لانے کا پروگرام بنایا تھا، ٹیکس نیٹ میں ہم نے ٹیکنالوجی کا استعمال کیا اور ٹیکنالوجی کے ذریعے ہم نے ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم متعارف کرایا۔

ٹیگس