پرویز الہیٰ کے وزیر اعلیٰ بننے کی راہ ہموار، رانا ثناء اللہ: یہ کام ابھی آسان نہیں!
پرویز الہیٰ کے وزیر اعلیٰ پنجاب بننے کی راہ ہموار ہو گئی تاہم پاکستان کے وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ پرویز الہیٰ کو آسانی سے وزیراعلیٰ بننے نہیں دیں گے.
پاکستان کے صوبے پنجاب میں ضمنی انتخابات کے نتائج نے تخت لاہور کو ہلا کر رکھ دیا، حمزہ شہباز وزارت اعلیٰ کے لیے اکثریت کھو بیٹھے اور پی ٹی آئی کے اتحادی پرویز الہیٰ کے وزیر اعلیٰ بننے کی راہ ہموار ہو گئی۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ نے بڑے معنیٰ دار انداز میں کہا ہے کہ عمران خان کو ہمارے ساتھ بیٹھنا پڑے گا، بات کرنی پڑے گی، عمران خان اتنا آسان نہ سمجھیں، وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب کے دن کچھ اور بھی ہوسکتا ہے۔ انہوں نے غیر جمہوری و اخلاقی انداز اپناتے ہوئے کہا کہ اگر لیڈرشپ کی طرف سے منظوری مل جائے تو تحریک انصاف کے 5 سے 7 ارکان اِدھر اُدھر ہوجانا کوئی بڑی بات نہیں۔
صوبہ پنجاب کے بیس حلقوں میں ہونے والے ضمنی انتخاب کے نتائج میں تحریک انصاف نے 15 اور ن لیگ نے 4 نشستیں حاصل کی ہیں۔ انتخابات کے نتائج سامنے آنے کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اکثریت کھو بیٹھے ہیں۔
وزیر اعلیٰ بننے کے لیے ایوان کے 186 ارکان کی حمایت درکار ہے۔ تحریک انصاف کی 163 نشستوں میں 15 ارکان کا اضافہ ہونے پر اب ان کے کل ارکان کی تعداد 178 ہوگئی ہے۔
ق لیگ تحریک اںصاف کی اتحادی جماعت ہے جس کی 10 نشستیں ملانے پر اس اتحاد میں شامل ارکان کی تعداد 188 ہوگئی ہے جب کہ ن لیگ کو چار نشستیں ملنے سے اتحادیوں اور آزاد ارکان سمیت ان کے ارکان کی تعداد 169 ہوئی ہے۔اس طرح اب تحریک انصاف کی اور ق لیگ کی جانب سے وزارت عظمی کے مشترکہ امیدوار چوہدری پرویز الٰہی کی وزیراعلیٰ پنجاب بننے کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔