Jul ۲۵, ۲۰۲۲ ۰۹:۴۲ Asia/Tehran
  • اسلام آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ، ریڈ زون میں گاڑیوں کا داخلہ بند

اسلام آباد میں سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی اور ریڈ زون میں گاڑیوں کا داخلہ بند کر دیا گیا ہے۔

آج سپریم آف پاکستان میں وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق اہم سماعت ہوگی، سماعت کے موقع پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے اور نمٹنے کیلئے کیپٹل پولیس نے ریڈ زون کے لیے سخت حفاظتی اقدامات کئے ہیں اور سماعت کے موقع پر ریڈ زون میں گاڑیوں کا داخلہ بند کر دیا ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ریڈ زون میں کسی قسم کے احتجاج کی اجازت نہیں جب کہ ڈپلومیٹک انکلیو جانے والے شہریوں کو سکیورٹی ڈویژن سے تصدیق کے بعد داخلے کی اجازت ہوگی ۔

پولیس حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ شہری وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کو برقرار رکھنے میں پولیس کا ساتھ دیں۔

دوسری جانب  ٹرسٹی وزیر اعلیٰ پنجاب کی 60 رکنی کابینہ نے حلف اٹھا لیا، حلف برداری کی تقریب گورنر ہاؤس میں ہوئی جہاں گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے نومنتخب کابینہ کے اراکین سے حلف لیا، 60 رکنی کابینہ میں 41 وزیر، پانچ نمائندہ خصوصی، پانچ مشیر، پانچ معاونین خصوصی جبکہ ایک سیاسی مشیر برائے وزیر اعلیٰ پنجاب شامل ہیں۔

مسلم لیگ ق کے رہنما اور وزیراعلیٰ پنجاب کے امیدوار چوہدری پرویز الہیٰ نے پنجاب کابینہ کی حلف برداری پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ جہازی سائز کی کابینہ سپریم کورٹ کے فیصلے کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے، ٹرسٹی وزیراعلیٰ نے اقتدار بچانے کیلئے پنجاب حکومت کے خزانے کا منہ کھول دیا۔

ٹیگس