Jul ۲۶, ۲۰۲۲ ۱۴:۰۲ Asia/Tehran
  • ٹی ٹی پی کو اپنے مطالبے سے دستبردار کرانے کیلئے پاکستانی علماء کے وفد کا دورہ کابل

جنگ بندی میں توسیع کے معاملے پر کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) سے مذاکرات کے لئے مفتی تقی عثمانی کی قیادت میں علماء کا وفد کابل پہنچ گیا۔

مفتی تقی عثمانی کی قیادت میں پاکستانی علماء کا آٹھ رکنی وفد افغانستان کی عبوری حکومت کے سینئر رہنماؤں سے بات چیت کے لیے پیر کو کابل پہنچا تاکہ کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے رہنماؤں کو پاکستان کے ساتھ جنگ ​​بندی میں توسیع کے لیے راضی کیا جا سکے۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی) کے ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ مفتی تقی عثمانی کی سربراہی میں پاکستانی علماء کے وفد سے ٹی ٹی پی قیادت کی ملاقات افغان طالبان کی موجودگی میں جلد متوقع ہے۔

پاکستانی علماء کے وفد نے ٹی ٹی پی کے موقف میں نرمی لانے کیلئے افغانستان کا دورہ کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سینئر حکام نے کابل روانگی سے قبل اسلام آباد میں وفد کے ارکان کو بریفنگ دی۔

پاکستانی علماء کا وفد جنگ بندی کو مزید موثر بنانے کے لیے افغانستان کے عبوری وزیر داخلہ سراج الدین حقانی کی مدد بھی حاصل کرنے کی کوشش کرے گا۔

وفد ٹی ٹی پی کو اس بات پر قائل کرنے کی کوشش کرے گا کہ وہ سابقہ فاٹا اصلاحات کے رول بیک کے اپنے مطالبے سے دستبردار ہو جائے جسے پاکستان کی پارلیمنٹ نے منظور کر لیا ہے اور پاکستان کے خلاف کارروائیوں سے باز آ جائے۔

ٹیگس