پاکستان تحریک انصاف کے مظاہرے
پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں الیکشن کمیشن کے خلاف مظاہرے کیے جن سے عمران خان نے آن لائن خطاب کیا ۔
میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اسلام آباد اور دیگر شہروں میں مظاہرہ کرنے والے پی ٹی آئی کارکنوں نے الیکشن کمیشن کے خلاف نعرے لگائے اور چیف الیکشن کمشنر کے استعفے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرین سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے چیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان کا آئین ہمیں پرامن احتجاج اور مظاہروں کی اجازت دیتا ہے لیکن بقول ان کے حکومت نے اسلام آباد کو قلعے میں تبدیل کردیا ہے ۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ ہماری حکومت کو ایک سازش کے تحت ختم کیا گیا لیکن آج عوام ہمارے حق میں سڑکوں پر نکل آئے ہیں۔
عمران خان نے حکومت پرالیکشن کمیشن کو اپنے سیاسی مفادات کے لیے استعمال کرنے کاالزام لگاتے ہوئے کہا کہ یہ کمیشن الیکٹرانک ووٹنگ کی مخالفت کرنے والی دو سیاسی جماعتوں سے ملا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے خلاف جو کچھ بھی حکومت کر رہی ہے وہ بقول ان کے بیرونی آقاؤں کو خوش کرنے کیلئے کیا جارہا ہے، تاکہ پاکستان ان کے کنٹرول سے باہر نہ نکل پائے۔