ممنوعہ فنڈنگ کیس، ایف آئی اے کی مہم جاری
پاکستان میں پی ٹی آئی کی مبینہ ممنوعہ فنڈنگ کیس میں وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے کی مہم جاری ہے۔
پاکستانی میڈیا ذرائع کے مطابق ایف آئی اے نے مختلف بینکوں میں کھاتوں کی چھان بین کے ساتھ ہی پی ٹی آئی کے اہم رہنماؤں کو پوچھ گچھ کے لئے طلب کرنے کا سلسلہ بھی شروع کردیا ہے۔
رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اب تک پی ٹی آئی کے جن رہنماؤں کو ایف آئی اے نے دفتر میں حاضری کے سمن جاری کئے ہیں ان میں سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل سمیت پارٹی کے متعدد اہم رہنماؤں کے نام بھی شامل ہیں جنہیں مختلف تاریخوں میں تفتیش کے لئے طلب کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے نے اسی کے ساتھ مختلف نجی بینکوں کے افسران کو بھی دس اگست کو اپنے کراچی دفتر میں طلب کرلیا ہے۔
ایک اور رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی اے نے اپنی تفتیشی ٹیموں پر نظر رکھنے کے لیےایک مانیٹرنگ ٹیم تشکیل دی ہے ۔
اس ٹیم کو ہر زون میں متعلقہ انکوائری ٹیموں کے ساتھ رابطے میں رہنے اور ان کی ضروری رہنمائی کی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔
یاد رہے کہ پاکستان کے وفاقی تحقیقاتی ادارے ایف آئی نے سنیچر کو کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ میں مختلف تفتیشی آپریشنوں میں ایسے تیرہ بینک کھاتوں کا پتہ لگانے کا دعوی کیا تھا جن میں بقول اس کے ممنوعہ فنڈنگ کی رقوم منتقل کئی گئی ہیں۔