Aug ۰۸, ۲۰۲۲ ۰۹:۰۹ Asia/Tehran
  • پاکستان میں 9 محرم الحرام کے موقع پر ماتمی جلوس، سکیورٹی کے سخت انتظامات

پاکستان میں آج 9 محرم الحرام کے موقع پر ماتمی جلوس نکالے جا ئیں گے ۔ اس موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں جب کہ بیشتر مقامات پر موبائل فون سروس بھی بند ہے۔

پاکستان کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں آج 9 محرم الحرام کے روز جلوسوں  نکالے جائیں گے۔ اس سلسلے میں حکومت کی جانب سے ملک بھر میں خصوصا حساس شہروں اور علاقوں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت پولیس، رینجرز اور فوج کی نفری تعینات کی گئی ہے جب کہ قیام امن کے لیے حساس مقامات پر موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس بھی جزوی طور پر بند کردی گئی ہے۔ علاوہ ازیں موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔

سکیورٹی انتظامات کے تحت انتظامیہ کی جانب سے جلوسوں کے راستوں میں کنٹینرز اور خاردار تاروں سمیت دیگر رکاوٹیں کھڑی کرکے راستے بند کردیے گئے ہیں جب کہ مرکزی علاقوں کو چاروں جانب سے سیل کرکے آنے والوں کو واک تھرو گیٹ سے گزرنے کے بعد داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

کراچی میں 9 محرم الحرام کی مناسبت سے مرکزی جلوس نشتر پارک سے دوپہر ایک بجے برآمد ہوگا، جو ایم اے جناح روڈ سے صدر کی ایمپریس مارکیٹ اور تبت سینٹر سے گزرتا ہوا کھارادر میں امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پر ختم ہوگا۔

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت میں مرکزی جلوس اسلام پورہ کی پانڈو اسٹریٹ سے برآمد ہوکر مقررہ راستوں سے گزرتا ہوا واپس اپنے نقطہ آغاز پر پہونچے گا اور اسی مقام پر ختم ہوگا۔ ذرائع کے مطابق  اسلام آباد میں آج 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ اثناعشری سے برآمد ہوکر واپس اسی مقام پر ختم ہوگا۔

پشاور میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ حسینیہ ہال  سے برآمد ہوگا۔ کوئٹہ میں بھی مرکزی جلوس علمدار روڈ سے برآمد ہوگا۔ ملک بھر میں جلوسوں کے راستوں اور امام بارگاہوں پر سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے ہیں۔ اس موقع پر پولیس، رینجرز اور فوج کی بھاری نفری تعینات کی گئی ہے۔ جب کہ موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس جزوی طور پر معطل کرنے کے علاوہ ڈبل سواری پر بھی پابندی عائد ہے۔

 

 

ٹیگس