تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل گرفتار، گرفتار نہیں اغوا کیا گیا: عمران خان
پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شہباز گِل کو گرفتار کرنے کی سابق وزیرِاعظم عمران خان اور سابق وفاقی وزیر شیخ رشید نے مذمت کی ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مراد سعید نے ٹوئٹر بیان میں تصدیق کی ہے کہ شہباز گل کو گرفتار کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ شہباز گل کی گاڑی پر حملہ کیا گیا۔
دوسری جانب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے ٹوئٹر پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے دعوی کیا کہ شہباز گل کو گرفتار نہیں، اغوا کیا گیا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ یہ اغوا ہے گرفتاری نہیں۔ انہوں نے دعوی کیا کہ سیاسی کارکنوں کے ساتھ دشمنوں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے اور یہ سب ہتھکنڈے بیرونی سازش سے آنے والی حکومت کو قبول کرنے کے لیے کیے جا رہے ہیں۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے ٹوئٹ میں کہا کہ شہباز گل کی گرفتاری کی پرزور مذمت کرتا ہوں۔ بغیر مقدمہ درج کیے اور بغیر نمبر کی گاڑیوں سے اغوا کرنا، اس سے سیاست میں مزید بدامنی پھیلے گی۔ پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے ٹوئٹر بیان میں کہا ہے کہ شہباز گل کو بنی گالہ چوک سے بغیر نمبر پلیٹ گاڑیوں میں آئے لوگوں نے اغوا کیا ہے۔
پولیس کے مطابق شہباز گل کو اسلام آباد پولیس نے حراست میں لیا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز گل پرریاستی اداروں کے بارے میں نامناسب الفاظ استعمال کرنے کا الزام ہے ۔ شہباز گل سے اس وقت ایس پی رورل کے دفتر میں تفتیش کی جارہی ہے۔