Aug ۱۲, ۲۰۲۲ ۱۴:۲۲ Asia/Tehran
  • پی ٹی آئی رہنما شہباز گل کا پولیس پر جسمانی تشدد کا الزام

پاکستانی فوج کے خلاف مبینہ طور پر بیان دینے کے الزام میں گرفتار پی ٹی آئی رہنما شہباز گل نے پولیس پر جسمانی تشدد کا الزام لگایا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کو دو روزہ جسمانی ریمانڈ کی مدت ختم ہونے کے بعد جمعے کی صبح اسلام آباد کی سیشن عدالت میں پیش کیا گیا۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق پولیس نے عدالت سے شہباز گل کے مزید جسمانی ریمانڈ کی درخواست کی جسے عدالت نے مسترد کر دیا ۔ بتایا گیا ہے کہ عدالت سے اجازت ملنے کے بعد وکیلوں کی ٹیم نے شہباز گل سے کمرہ عدالت میں ملاقات کی اور وکیلوں کی درخواست پر عدالت میں شہباز گل کی ہتھکڑی کھول دی گئی۔ رپورٹ کے مطابق شہباز گل نے عدالت کو بتایا کہ ریمانڈ کے دوران ان پر جسمانی تشدد کیا گیا۔
انھوں نے قمیض اٹھا کر عدالت کو اپنی کمر دکھائی اور کہا کہ مجھے شدید تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور میرا میڈیکل نہیں ہوا اور میرا فرضی میڈیکل اپنی مرضی سے بنایا گیا ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے ملزم شہباز گِل کا مزید جسمانی ریمانڈ دینے کی استدعا کی جس کو عدالت نے مسترد کر دیا اور انہیں جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا۔
شہباز گِل کی پیشی کے موقع پر پولیس کی بھاری نفری عدالت اور اطراف میں تعینات کی گئی۔

ٹیگس