عمران خان نے بھی شہباز گِل کے بیان سے لاتعلقی کا اعلان کر دیا
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے بھی شہباز گِل کے بیان سے لاتعلقی اختیار کرلی۔
تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے لاہور میں صحافیوں اور شوبز شخصیات سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایک ٹی وی چینل پر شہباز گِل کی گفتگو میں ایک جملہ قابلِ اعتراض تھا، شہباز گِل کو ایسے نہیں کہنا چاہیے تھا۔
علاوہ ازیں عمران خان نے پنجاب حکومت کو 25 مئی کے ذمے داروں کے خلاف کارروائی کی ہدایت کر دی ہے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی اور رکن قومی اسمبلی مونس الٰہی سے ملاقات کے موقع پر کہا کہ پچیس مئی کے واقعات میں ملوث افراد کے خلاف ایکشن لیا جائے، جنہوں نے ہمارے خلاف انتقامی کارروائیاں کیں ان سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔
عمران خان نے ایک بار پھر حکومت کو امپورٹڈ بتاتے ہوئے کہا اُس نے عوام کا جینا دوبھر کردیا ہے۔
اس سے قبل پی ٹی آئی کے چئیرمین عمران خان نے ٹوئٹ میں اپنے چیف آف اسٹاف شہباز گل پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ کس قانون کے تحت اور کس کے کہنے پر شہباز گل پر تشدد کیا جا رہا ہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر شہباز گل نے کوئی قانون توڑا ہے تو اسے صفائی پیش کرنے کا موقع دیا جانا چاہئے۔ مگر بقول ان کے محض مجرموں کی امپورٹڈ حکومت بچانے کیلئے پوری ڈھٹائی سےآئین اور تمام قوانین پامال کئے جا رہے ہیں۔