پاکستان نے چین سے تعلقات پر پتے کھولے
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دنیا ایک مرتبہ پھر 'سرد جنگ یا بلاک کی سیاست' میں واپس جانے کی متحمل نہیں ہوسکتی۔
سحر نیوز/ پاکستان: انہوں نے ’نیوز ویک’ کے ساتھ ایک انٹرویو میں پاکستان کے سیاسی منظر نامے، اسلام آباد کے ساتھ چین، امریکا اور دیگر دوست ممالک کے تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ اگرچہ پاکستان-چین تعلقات بہت خاص ہیں، پاکستان اور امریکا نے دیرینہ تاریخی اور دوطرفہ تعلقات کو بھی برقرار رکھا ہے، جو باہمی دلچسپی کے تمام امور کا احاطہ کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ تمام ممالک کے ساتھ تعمیری تعلقات سے خطے میں امن اور استحکام کے ساتھ ساتھ ترقی اور رابطہ کاری کو فروغ مل سکتا ہے۔
پاکستان کے وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ہم خطے اور دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ امن اور استحکام کے لیے بین الاقوامی برادری کے ساتھ منسلک رہنے کے متمنی ہیں، ’دنیا میں کہیں بھی تنازعات کے عالمی سطح پر نتائج ہوتے ہیں، خاص طور پر ترقی پذیر ممالک کے لیے۔
شہباز شریف نے کہا کہ میرا ماننا ہے کہ کووڈ 19 جیسے وبائی امراض اور یوکرین کے بحران سے متاثرہ عالمی معیشت کے لیے کشیدگی کے سنگین نتائج پیدا ہوں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ’تصادم نہیں بلکہ تعاون بین الاقوامی تعلقات کا بنیادی محرک ہونا چاہیے۔
پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی 'دنیا کی تمام اقوام کے ساتھ دوستی اور خیر سگالی' پر مبنی ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اگر چین اور امریکا چاہیں تو پاکستان دونوں ممالک کے درمیان اختلافات ختم کرنے کے لیے مثبت کردار ادا کرے گا، جیسا کہ ہم ماضی میں کر چکے ہیں۔