پی ٹی آئی رہنماؤں کو الیکشن کمیشن کا نوٹش، مبینہ اہانت پر جواب طلب
پاکستان میں الیکشن کمیشن نے سابق وزیر اعظم عمران خان سمیت اہم پی ٹی آئی رہنماؤں کے خلاف اس آئینی ادارے کی توہین کا نوٹس جاری کردیا ہے۔
پاکستان الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق عمران خان، اسد عمر اور فواد چودھری کو توہین الیکشن کمیشن کے نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔
ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تینوں رہنماؤں نے مختف جلسوں، پریس کانفرنسوں اور بیانات کے دوران الیکشن کمیشن اور چیف الیکشن کمشنر پر من گھڑت الزمات عائد کیے، جس سے ادارے کی ساکھ اور الیکشن کمشنر کی عزت نفس مجروح ہوئی۔
پاکستان الیکشن کمیشن نے نوٹس میں سابق وزیر اعظم عمران خان کو تیس اگست کو اپنے جواب کے ساتھ کمیشن میں پیش ہونے کا نوٹس جاری کیا ہے۔ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پیمرا کے ریکارڈ کے مطابق عمران خان نے گیارہ مئی، سولہ مئی، انتس جون، انیس جولائی ، بیس جولائی اور سات اگست کو اپنی تقاریر، پریس کانفرنسوں اور بیانات میں الیکشن کمیشن کے خلاف مضحکہ خیز اور غیر پارلیمانی زبان استعمال کی، توہین آمیز بیانات دیے اور بے بنیاد الزامات عائد کیے جو براہ راست مرکزی ٹی وی چینلوں پر نشر ہوئے۔