پی ٹی آئی اور فوج میں تصادم کی سازش کی جارہی ہے: عمران خان
پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی اور فوج میں تصادم کی سازش کی جارہی ہے۔
پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور چیئر مین پی ٹی آئی نے حکومت سے بات چیت کی پیشکش مسترد کر دی ہے۔ انہوں نے ایک سوشل ویب سائٹ سے گفتگو میں کہا کہ کرپٹ لوگوں کے ساتھ بات چیت کے لئے بیٹھنے کا مطلب کرپشن کو تسلیم کرنا ہوگا۔
عمران خان نے کہا کہ وہ کوئی ایسا فیصلہ نہیں کریں گے جس سے ملک کا نقصان ہو۔ انہوں نے کہا کہ سازش ہو رہی ہے کہ پی ٹی آئی اور فوج میں تصادم ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ تصادم ہوا تو ملک میں خونریزی ہوگی۔
پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان نے اسی کے ساتھ کہا کہ آرمی چیف کی تعیناتی میرٹ پر ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آرمی چیف کی تعیناتی پر ڈرامہ شروع ہو جاتا ہے جبکہ دنیا میں کہیں بھی ایسا نہیں ہوتا کہ آرمی چیف کی تعیناتی ایشو بن جائے۔
عمران خان نے کہا کہ ملک میں سیاسی استحکام سے معاشی استحکام آتا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ فوج اکیلی ملک کو اکٹھا نہیں کرسکتی بلکہ ملک کو سیاسی جماعتیں اکٹھا کرتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اگر فوج ملک کو اکٹھا کرسکتی تو مشرقی پاکستان الگ نہ ہوتا۔
عمران خان نے اپنی آزادی کی تحریک کے بارے میں کہا کہ یہ آزادی کی تحریک ان کی زندگی کی سب سے اہم جدوجہد ہے۔