Aug ۳۱, ۲۰۲۲ ۱۴:۵۷ Asia/Tehran
  • پاکستان میں سیلاب

پاکستان میں سیلاب کا زور ٹوٹ گیا ہے لیکن بعض علاقوں میں اس کا قہر پوری شدت کے ساتھ جاری ہے۔

رپورٹوں کے مطابق پاکستان کے مختلف علاقوں میں سیلابی صورتحال بدستوربرقرار ہے ۔ پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق دادو کی تحصیل جوبی کا ستر فیصد  علاقہ پانی میں پوری طرح ڈوب گیا ہے جبکہ پورا شہر چاروں طرف سے سیلابی پانی میں گھر گیا ہے۔

ادھر خیرپور ناتھن شاہ سے میہڑ تک این پچپن انڈس ہائی وے بھی پانی میں ڈوب گیا ہے، جس کے بعد اسے میہڑ سے سندھ بلوچستان اور پنجاب کی ٹریفک کے لیے بند کردیا گیا۔

خان پور کے قریب چاچڑاں شریف میں سیکڑوں دیہات اور وسیع  رقبے پر کھڑی فصلیں زیرِآب آگئیں اور بہت سے مکانات گر گئے۔

انتظامیہ نے بستیاں اور دیہات خالی کرنے کا اعلان بھی کردیا جبکہ لیّہ میں کئی نشیبی علاقے پانی میں ڈوب گئے۔

دوسری جانب متعلقہ اداروں نے وارننگ جاری کی ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹے میں دریائے سندھ میں تونسہ کے مقام پر انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ہوگا۔

پاکستان کے وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے حالیہ سیلاب کو گلوبل وارمنگ کا نتیجہ قرار دیا ہے ۔ انھوں نے کہا ہے کہ ابتدائی تخمینے کے مطابق سیلاب سے دس ارب ڈالر کا نقصان ہوا ہے۔

ٹیگس