Sep ۰۱, ۲۰۲۲ ۲۲:۲۹ Asia/Tehran
  • پاکستانی وزیر اعظم نے بجلی صارفین کو دیا تحفہ

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بجلی کے 300 یونٹ والے صارفین کے لیے بھی فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز ختم کرنے اور دس ہزار میگاواٹ کا شمسی توانائی کا منصوبہ شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پارٹی کے ارکان قومی و صوبائی کا اہم اجلاس ہوا جس میں سیلاب متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کا جائزہ لیا گیا۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نے ارکانِ قومی و صوبائی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت عوام کو سیلاب کی مصبیت سے بچانے کی بھرپور کوشش کرے گی بقیہ نتائج اللہ کے حوالے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت سنبھالتے ہی مصیبتیں آئیں گویا سرمنڈاتے ہی اولے پڑے، تیل کی قیمتیں دنیا بھر میں تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں، سیلاب آپ کے سامنے ہے، پاکستان کی نااہل ترین حکومت نے ساڑھے تین سال میں عوام کو ایک دھیلے کی بھی سہولت نہیں دی اور ان کی زندگی میں کوئی بہتر نہیں لائی لیکن جانے والے حکمران بھی ہمارے لیے گڑھا کھود کر گئے یعنی نہ ہوگا بانس اور نہ بجے گی بانسری،

شہباز شریف نے کہا کہ کووڈ کے دوران گیس کوڑیوں کے بھاؤ ملتی رہی لیکن انہوں ںے اسے لانگ یا شارٹ ٹرم کسی طرح سے نہیں خریدا، روسی یوکرین جنگ کے بعد ہمارے لیے گیس خریدنا دشوار ہوگیا جس کے سبب ہمیں مہنگا ترین تیل خریدنا پڑا اور اس سے بجلی بناکر عوام کو فراہم کی۔

انہوں ںے کہا کہ خدا کا شکر ہے ہم ڈیفالٹ سے بچ گئے، لیکن یہ کوئی خوشی کی بات نہیں ہے، ہم نے آئی ایم ایف سے قرض لیا ہے، عمران خان یہی چاہتا تھا کہ ملک ڈیفالٹ کرجائے اور چاہتا تھا کہ پاکستان سری لنکا بن جائے، کے پی حکومت کا آئی ایم ایف کو خط پہنچ گیا اور پنجاب حکومت کا باقی تھا کہ پی ٹی آئی والوں کی آڈیو لیک ہوگئی، پتا چل گیا کون ملک سے مخلص ہے اس بارے میں کسی کو شک نہیں ہونا چاہیے، اس سے بڑی سازش اور کیا ہوگی کہ ملک کو دیوالیہ کرنے کی سازش کی جائے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم نے سخت فیصلے ضرور کیے لیکن عوام عمران خان کا چہرہ پہچان لے، جب ہمارے پارٹی اپوزیشن میں تھی تو کس طرح عمران حکومت نے ہمارے ساتھ سلوک کیا اور رہنماؤں کو جیلوں میں ڈالا، سلام ہے نواز شریف کو ہماری قیادت نے بہادری سے مقابلہ کیا اور رونا دھونا نہیں کیا، گزشتہ حکومت نے بیٹیوں اور بہنوں کو بھی نہیں چھوڑا، مریم اور زرداری صاحب کی بہن کے ساتھ ظلم کیا، جیلوں میں سختی کی گئی۔

ٹیگس