Sep ۰۶, ۲۰۲۲ ۱۱:۱۳ Asia/Tehran
  • منچھر جھیل میں کٹ لگانے سے پانچ یونین کونسلوں کے سو سے زیئد دیہات زیرآب (تصویر بشکریہ ڈان نیوز)
    منچھر جھیل میں کٹ لگانے سے پانچ یونین کونسلوں کے سو سے زیئد دیہات زیرآب (تصویر بشکریہ ڈان نیوز)

منچھر جھیل میں کٹ لگانے سے پانی نےپانچ یونین کونسلوں کے سو سے زائد گاؤں ڈبو دئیے، امدادی کاروائیاں جاری ہیں اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہاہے۔

پاکستانی ذرائع کے مطابق ملک میں ایک طرف سیلاب کی تباہ کاریاں جاری ہیں تو دوسری طرف منچھر جھیل میں کٹ لگانے سے پانی  نے پانچ یونین کونسلوں کے سو سے زائد گاؤں ڈبو دئیے ہیں۔ منچھر جھیل میں پانی کی سطح خطرے کی حد سے بڑھ گئی تھی جس کے بعد خدشات پیدا ہوگئے تھے کہ جھیل  کے کنارے ٹوٹنے سے  بڑے شہر اور قصبے سیلاب کی زد میں آ سکتے ہیں۔

ڈان کی رپورٹ کے مطابق آرڈی 14 اور آرڈی 15 کے درمیان  کٹ لگا کر پانی کی سطح کم کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ اس کٹ سے آنے والے پانی سے علاقے کی پانچ یونین کونسلوں کے سو سے زائد گاؤں زیرآب آگئے ہیں۔ علاقے میں امدادی کاروائیوں کا آغاز کر دیا گیا ہے اور لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا رہا ہے۔

جامشور کے ڈپٹی کمشنرکے مطابق 30 کشتیوں کے ذریعے سیلاب میں پھنسے لوگوں کو نکالا جا رہا ہے اور سیہون میں خیمہ بستیاں لگا کر متاثرین کو وہاں منتقل کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق منچھر جھیل سے ایک کلومیٹر دور بوبک کی آدھی آبادی اپنے گھر بار چھوڑ کر جا چکی ہے اور علاقے کو سیہون، بھون سیدآباد سے ملانے والی رابطہ سٹرکیں تین فٹ پانی میں ڈوبی ہیں۔

ڈبلیو ایچ او کے اعداد وشمار کے مطابق اب تک پاکستان میں سیلاب سے 1290 افراد جاں بحق اور چھ لاکھ چونتیس ہزار افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔ سیلاب سے 1460صحت کے مراکز متاثر ہوئے ہیں۔

ایک طرف سیلاب کی تباہکاریاں ہیں تو دوسری طرف مہنگائی میں ہوشربا اضافے سے پاکستانی عوام بڑی دشواریوں سے روبرو ہو گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کورونا وبا کے بعد پاکستان میں مہنگائی کی شرح 27 فیصد سے بڑھ گئی ہے اور سبزیوں کی قیمتیں گزشتہ 47 سالہ ریکارڈ کو توڑ چکی ہیں۔ سیلاب سے پہلے 50 روپے کلو بکنے والے پیاز اب 300 روپے کلو میں بک رہے ہیں اور ماہرین کے مطابق اشیائے خوردونوش کی قیمتیں خطرناک حد تک اوپر جا سکتی ہیں کیونکہ سیلابی پانی کئی ماہ تک کھیتوں میں موجود رہے گا اور سبزیوں کی کاشت ممکن نہ ہو پائے گی۔

پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کے مطابق  سیلاب سے 10بلین ڈالر سے زیادہ کے نقصانات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

ٹیگس