عمران خان نے پاکستانی آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کی تجویز دے دی
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے موجودہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کی تجویز پیش کردی۔
سحر نیوز/ پاکستان: تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی جانب سے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی مدت ملازمت میں توسیع کی تجویز سامنے آئی ہے۔
اپنے بیان میں عمران خان نے کہا ہے کہ نئے آرمی چیف کی تقرری کا معاملہ نئی حکومت کے آنے تک مؤخر کردینا چاہیے اور نئی حکومت ہی نئے آرمی چیف کا انتخاب کرے۔
خاتون جج زیبا چوہدری کے خلاف دھمکی آمیز بیان کے مقدمے سے متعلق انہوں نے کہا کہ اگر اسلام آباد ہائی کورٹ مجھے بات کرنے کی اجازت دیتی تو شاید معافی مانگ لیتا۔ ملک گیر انتخابات کے معاملے میں انہوں نے کہا کہ میں الیکشن کے معاملے پر حکومت سے بات چیت کرنے کے لیے تیار ہوں۔
عمران خان نے مزید کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ کی طرف جا رہا ہے جو بہت سنجیدہ معاملہ ہے، لوگ کہتے ہیں اس سیلابی صورتحال میں سندھ میں الیکشن کیسے ہو سکتا ہے؟ سیلاب سے بھی بڑا امتحان گرتی ہوئی معیشت ہے۔
پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر ڈیفالٹ ہوگئے تو سیلاب سے بڑا ڈیزاسٹر ہوگا ،عدم اعتماد آئی تو ڈالر 178 پر تھا، آج ڈالر 230 سے بھی اوپر چلا گیا۔