Sep ۱۷, ۲۰۲۲ ۲۳:۰۰ Asia/Tehran
  • پاکستان، نیب قانون میں ترمیم، بڑے سیاست دانوں کو راحت

پاکستان کے قومی احتساب بیورو (نیب) کے قوانین میں ترمیم کے تحت نیب ریفرنسز میں نامور سیاست دانوں کو  بڑا ریلیف مل گیا جبکہ نیب ترجمان نے وضاحت کی ہے کہ عدالتوں سے واپس بھجوائے گئے کیسز کا حتمی فیصلہ ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں ہوگا۔

سحر نیوز/ پاکستان: نیب قوانین میں ترمیم کے بعد وزیراعظم شہباز شریف، حمزہ شہباز، راجا پرویز اشرف اور یوسف رضا گیلانی کے خلاف عائد الزامات سمیت 50 کرپشن ریفرنسز احتساب عدالتوں نے واپس کر دیے ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف اور حمزہ شہباز کے خلاف رمضان شوگر ملز ریفرنس واپس ہو گیا جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی راجا پرویز اشرف کے خلاف رینٹل پاور کے 6 کرپشن ریفرنسز واپس لے لیے گئے ہیں۔

اسی طرح پیپلز پارٹی کے سینیٹر اور سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کے خلاف یو ایس ایف فنڈ میں کرپشن کا ریفرنس واپس لے لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا سردار مہتاب عباسی اور پیپلز پارٹی کی سینیٹر روبینہ خالد کے خلاف لوک ورثہ میں مبینہ خرد برد کا ریفرنس بھی واپس لے لیا گیا ہے۔

نیب قوانین میں ترمیم کے بعد مضاربہ اسکینڈل اور کمپنیز فراڈ کے ریفرنسز بھی احتساب عدالتوں سے واپس لے لیے گئے ہیں۔

دوسری جانب نیب کے ترجمان کی جانب سے وضاحت کی گئی ہے کہ قومی احتساب بیورو کی جانب سے کسی عدالت سے کوئی ریفرنس واپس نہیں لیا گیا، نئے قوانین کے تحت مختلف عدالتوں سے واپس بھجوائے گئے کیسز پر حتمی فیصلہ ایگزیکٹو بورڈ میٹنگ میں ہوگا۔

ٹیگس