پاکستان تحریک انصاف کو پارلیمنٹ میں واپس جانے کا مشورہ
پاکستان سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی میں واپس جانے کا مشورہ دیا ہے۔
پاکستان سپریم کورٹ کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے قومی اسمبلی سے پی ٹی آئی کے اراکین کے استعفوں کی مرحلے وار منظوری کے خلاف اپیل کی سماعت کی ۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے پی ٹی آئی کو قومی اسمبلی میں واپس جانے کا مشورہ دیا ۔
انھوں نے کہا کہ عوام نے اراکین کو پانچ سال کے لئے منتخب کیا ہے ۔ پاکستان کے چیف جسٹس نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف پارلیمان میں اپنا کردار ادا کرے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پارلیمان میں کردار ادا کرنا ہی اراکین قومی اسمبلی کا اصل فریضہ ہے۔
سپریم کورٹ نے اسی کے ساتھ پی ٹی آئی کو اراکین کے استعفوں کی مرحلے وار منظوری کے خلاف کیس تیار کرنے کا ایک اور موقع دیتے ہوئے، مقدمے کی سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔