Sep ۲۳, ۲۰۲۲ ۲۲:۰۵ Asia/Tehran
  • پاکستان نے عالمی سطح  پر کشمیر کا مسئلہ پھر آٹھایا

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی سے تباہی نے ملک کا ایک تہائی حصہ زیر آب کردیا، پاکستان میں سیلاب سے 3 کروڑ 30 لاکھ لوگ متاثر ہوئے ہیں اور جو کچھ پاکستان میں ہورہا ہے یقینی طور پر وہ صرف ایک ملک تک محدود نہیں رہے گا۔ 

سحر نیوز/ پاکستان: اقوام متحدہ کی  جنرل اسمبلی کے 77 ویں اجلاس سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ 40 دن اور 40 راتوں تک ایسا سیلاب آیا جیسا دنیا نے کبھی نہیں دیکھا، پاکستان کو تباہی کا سامنا ہے۔

ان کا کہنا تھا پاکستان کے لوگ پوچھتے ہیں کہ ان کے ساتھ یہ کیوں ہوا؟ حقیقت یہ ہے کہ پاکستان میں تباہی یہاں کے لوگوں کی وجہ سے نہیں ہوئی، میرا دل اور دماغ اس وقت بھی پاکستان میں ہے جو سیلاب سے متاثر ہے، کوئی نہیں سمجھ سکتا کہ ہم کس وقت سے گزر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہندوستان سمیت تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ پرامن تعلقات چاہتے ہیں، خطے میں مستحکم امن کے لیے مسئلہ کشمیر کا حل ضروری ہے، کشمیر میں ہندوستان کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات سے امن عمل متاثر ہوا ہے۔

شہباز شریف نے کہا کہ کشمیر میں ماورائے عدالت قتل کیا جا رہا ہے، کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کو سمجھنا ہوگا دونوں ممالک ایٹمی قوت ہیں جنگ آپشن نہیں ہے، 20 ویں صدی کے معاملات سے توجہ ہٹا کر 21 ویں صدی کے مسائل پرتوجہ دینے کی ضرورت ہے ورنہ جنگیں لڑنے کے لیے زمین ہی باقی نہیں بچے گی۔

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے افغانستان سے متعلق کہا کہ پاکستان پرامن افغانستان دیکھنے کا خواہشمند ہے جبکہ دہشت گردی اور منشیات کی اسمگلنگ روکنے کے لیے دنیا کو کام کرنا ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان 2 دہائیوں سے دہشت گردی کا شکار ہے، 80 ہزار جانوں کی قربانی دی، پاکستان ایسا افغانستان چاہتا ہے جو اپنے آپ کے ساتھ دنیا کے لیے پر امن ہو۔

پاکستانی وزیراعظم نے کہا کہ اسلاموفوبیا ایک عالمی رحجان ہے، نائن الیون کے بعد سے مسلمانوں کے خلاف رویوں میں شدت آئی ہے، اقوام متحدہ اسلاموفوبیا سے متعلق اپنائی قرارداد پر عمل درآمد یقینی بنائے۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہم اسرائیل سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فلسطینیوں کے خلاف مظالم بند کیے جائیں۔

ادھر پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف کی امریکی صدر جوبائیڈن کے ساتھ نیویارک میں ملاقات ہوئی جس میں امریکی صدر نے سیلاب زدگان کی امداد اور بحالی کے لیے بھرپور تعاون کا عزم ظاہر کیا۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 77ویں اجلاس کے موقع پر یہ ملاقات امریکی صدر کی جانب سے دئیے گئے عشایے کے موقع پر ہوئی۔

امریکی صدر جوبائیڈن نے پاکستان میں تباہ کن سیلاب میں سیکڑوں اموات پر افسوس اور متاثرہ خاندانوں سے ہمدردی ظاہر کی۔ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر کے افسوس اور ہمدردی کے اظہار پر شکریہ ادا کیا۔

پاکستان کے وزیراعظم نے سیلاب متاثرین کی مدد کے عالمی برادری کے نام پیغام اور پاکستان کی حمایت پر امریکی صدر کا خاص طور پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم نے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یوایس ایڈ) کی سربراہ کے دورہ پاکستان اور امداد بھجوانے پر امریکی حکومت اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔

امریکی صدر جو بائیڈن نے مشکل انسانی صورتحال میں پاکستان کی مدد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔

ٹیگس