عمران خان کے تازہ خطاب پر تنازعہ
پشاور کے ایڈورڈ کالج میں سابق وزیر اعظم عمران خان کے خطاب سے ایک نیا تنازعہ کھڑا ہوگیا ہے۔
پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق ایڈورڈ کالج پشاور کے فیکلٹی اراکین اور طلبا کے والدین نے عمران خان کے اتوار کی شام کے خطاب پر نا راضگی ظاہر کی ہے۔
رپورٹوں کے مطابق ایڈورڈ کالج کی انتظامیہ اور فیکلٹی اراکین کا کہنا ہے کہ ان پر یہ بات واضح نہیں ہوسکی ہے کہ پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کو طلبا سے خطاب کی دعوت کس نے دی تھی ۔
بتایا گیا ہے کہ عمران خان کی تقریر کا موضوع لیڈر شپ تھا لیکن انھوں نے اپنا خطاب ، مخالفین پر حملے، ان کے خلاف دھمکیوں اور توہین آمیز الفاظ کے استعمال پر مرکوز رکھا ۔ پی ٹی آئی چیئر مین عمران خان نے اپنے اس خطاب میں جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان اور اے این پی کے صوبائی صدر ایمل ولی خان سمیت اپنے مخالف سیاستدانوں پر جم کر حملے کئے۔
ایمل ولی خان نے اعلان کیا ہے کہ وہ آج ایڈورڈ کالج کا دورہ کریں گے ۔ ان کے اعلان پر بھی ایڈورڈ کالج کی انتظامیہ نے تشویش کا اظہار کیا ہے۔