پاکستان کو عالمی ماحولیاتی تبدیلیوں کے شدید اثرات کا سامنا ہے، صدر عارف علوی
پاکستان کے صدر عارف علوی نے کہا ہے کہ ان کے ملک کو عالمی ماحولیاتی تبدیلیوں کے شدید اثرات کا سامنا ہے اور حالیہ سیلاب بھی اسی کا نتیجہ تھا۔
پانچویں پارلیمانی سال کے آغاز پر پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ عالمی سطح پردرجہ حرارت اور ماحولیات کی تبدیلی میں پاکستان کا ایک فیصد بھی حصہ نہیں ہے مگر ساری دنیا دیکھ رہی ہے کہ اس کے اثرات پاکستان کو شدت سے متاثر کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ سیلاب کے بعد عالمی برادری کا دھیان پاکستان پر آیا اور میں سمجھتا ہوں کہ دنیا کو اس بات کا احساس ہونا چاہیے تھا اور احساس ہوا بھی ہے کہ پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں کے شدید اثرات کا سامنا ہے۔
پاکستان کے صدر نے سیلاب زدہ گان کی مدد کے حوالے سے صوبائی حکومتوں، وفاقی کابینہ، فلاحی اداروں، این ڈی ایم اے اور پی ڈیم ایم اے کی کارکردگی کی بھی تعریف کی۔
پاکستانی میڈیا کا کہنا ہے کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے صدر مملکت کے خطاب کے وقت ایوان تقریبا خالی تھا اور دو سوچوالیس کے ایوان میں صرف پی ٹی آئی کے منحرف اور بلوچستان عوامی پارٹی کے سینیٹرروں سمیت چودہ ارکان موجود تھے۔
پاکستان کی مخلوط حکومت میں شامل جماعتوں مسلم لیگ نون، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی نے صدر مملکت کے خطاب کا غیر اعلانیہ بائیکاٹ کیا تھا۔