ایف آئی اے نے عمران خان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا
ایف آئی اے نے ملک کےسابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹوں میں پاکستان کی وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ایف آئی اے کے ذرائع کےحوالے سے دعوی کیا گیا ہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف یہ مقدمہ فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے درج کیا گیا ہے۔
عمران خان اور ان کی جماعت پر الزام ہے کہ انہوں نے ابراج گروپ نامی کمپنی ووٹن کرکٹ کلب کے ذریعے، غیر ملکی فنڈنگ کی اور یہ رقم پاکستان منتقل کی گئی ۔
کہا جارہا ہے کہ ایف آئی اے کی درج کردہ ایف آئی آر میں سابق وزیراعظم کے علاوہ سردار اظہر طارق، سیف اللہ نیازی، یونس عامر کیانی اور طارق شفیع سمیت گیارہ افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔
دوسری جانب پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان نے ننکانہ صاحب میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے ساتھیوں پر منی لانڈرنگ کا الزام لگا یا ہے۔
انہوں نے دعوی کیا کہ اگر ایف آئی اے غیر جانبدار طریقے سے تحقیقات کرے تو شہباز شریف پکڑے جائیں گے ۔
عمران خان نے امریکہ سے آنے والے سفارتی سائفر کے معاملے میں معتبر ججوں پر مشتمل تحقیقاتی کمیشن بنانے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان بارہا یہ دعوی کرچکے ہیں کہ ان کی حکومت امریکی سازش کے تحت مقامی ہنڈلرز کے ذریعے ختم کرائی گئی ہے۔