Oct ۱۴, ۲۰۲۲ ۲۰:۳۳ Asia/Tehran
  • عمران خان نے اسٹیبلشمنٹ کو پھر لیا نشانے پر

پاکستان کے سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جب ہم اقتدار میں آئے تو اسٹیبلشمنٹ ساتھ تھی مگر حکومت کے آخری تین سے چار ماہ میں وہ ہمارے ساتھ نہیں تھے۔

سحر نیوز/ پاکستان: کراچی میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم رہتے ہوئے بھی نیب پر میرا اختیار نہیں تھا، اگر کبھی ماضی کی طرح دوبارہ حکومت ملی تو اُسے قبول نہیں کروں گا۔

عمران خان نے کہا کہ سیاسی جماعت عوام کے پاس جاتی ہے امریکا کے پاس نہیں، یہ چور اور کرپٹ ٹولہ اپنے کیسز ختم کروانے کیلیے اقتدار میں آیا اور اسے عوام سے کوئی ہمدردی نہیں ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ یہ ضمنی الیکشن نہیں بلکہ پاکستان کے مستقبل کے تعین کا انتخاب ہورہا ہے۔

اس سے قبل پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کراچی بار کی جانب سے منعقد تقریب میں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چور کامیاب ہوگئے تو ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہوگا۔  انہوں نے کہا کہ پاکستان تاریخ کے فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے، اگر ان چوروں کو این آر او 2 دے دیا یا پھر یہ کامیاب ہوگئے تو ملک کا کوئی مستقبل نہیں ہوگا۔

انہوں نے ایک بار پھر اعادہ کیا کہ میں ان چوروں کے خلاف حقیقی آزادی حاصل کرنے کے لیے جہاد کررہا ہوں اور  چاہتا ہوں کہ آپ سب اس میں میرے ساتھ ہوں۔

ٹیگس