پاکستان، بیک ڈور مذاکرات ناکام، عمران خان کا میدان میں اترنے کا فیصلہ
پاکستان تحریک انصاف، پی ٹی آئی، کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ ہمارے بیک ڈور مذاکرات ہوئے مگر کوئی نتیجہ نظر نہیں آرہا، میں جمعہ کو لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کروں گا۔
سحر نیوز/ پاکستان: بنی گالہ میں سینیٹر اعظم سواتی کی رہائی کے بعد عمران خان نے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ میں سیاسی بات نہیں کروں گا بلکہ ملک میں جاری ظلم کے خلاف بات کروں گا۔ عمران خان نے بیک ڈور بات چیت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’سیاسی جماعتوں سے بیک ڈور مذاکرات معمول کی بات ہے مگر مجھے اب کوئی نتیجہ نظر نہیں آرہا کیونکہ ہم ملک میں جمہوریت کی بحالی کا مطالبہ کررہے ہیں۔،
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں جمعے کو لانگ مارچ کی تاریخ کا اعلان کروں گا اور اس بار ہم بھرپور تیاری کے ساتھ نکلیں گے، عوام کا سمندر جب اسلام آباد پہنچے گا تو انہیں خود ہی معلوم ہوجائے گا۔
عمران خان نے کہا کہ اعظم سواتی کو اُن کی بیٹی اور نواسی کے سامنے تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور پھر انہیں گھر سے اٹھا کر کسی اور کے حوالے کیا گیا۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ سوشل میڈیا کے لڑکے بھی بتاتے ہیں کہ انہیں ’نامعلوم افراد‘ اٹھا کر لے جاتے اور تشدد کر کے چھوڑ دیتے ہیں، یہ سب اس لیے کیا جارہا ہے کہ میرے خلاف بیان لیے جاسکیں مگر وہ اس میں کامیاب نہیں ہورہے۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اگر یہ مجھے پکڑلیں گے تو کیا لانگ مارچ نہیں ہو گا؟ جتنے بڑے جلسے میں نے کیے، چیلنج کرتا ہوں کوئی نہیں کر سکتا، اگر یہ احتجاج کا راستہ روکیں گے تو انتشار اور ملک بند ہو جائے گا۔