Oct ۲۹, ۲۰۲۲ ۲۲:۴۵ Asia/Tehran
  • کیا عمران خان اور حکومت میں بیک ڈور مذاکرات ہو رہے ہیں؟

چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے حکومت کے ساتھ بیک ڈور مذاکرات سے متعلق خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسی خبروں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان:  ٹوئٹر پر عمران خان نے کہا کہ لاہور میں حکومت سے میری ملاقات کی خبریں محض افواہ ہیں اور لاہور واپسی صرف اس لیے کی کہ وہ قریب تھا کیونکہ ہم پہلے ہی فیصلہ کرچکے ہیں کہ رات کے اوقات میں لانگ مارچ جاری نہیں رکھیں گے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ گزشتہ 6 ماہ سے صرف ایک مطالبہ ہے کہ صاف و شفاف انتخابات کرائے جائیں اور اگر مذاکرات ہوئے تو صرف یہی ایک مطالبہ ہوگا مگر مجھے نہیں لگتا کہ زرداری اور نواز شریف انتخابات کی بات مانیں گے۔

عمران خان نے مزید کہا کہ مذاکرات کا اختیار صدر مملکت کو دے دیا ہے اور یہ بھی واضح کیا کہ نئے الیکشن کی تاریخ پر ہی بات چیت ہوگی۔

واضح رہے کہ حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بیک ڈور مذاکرات سے متعلق خبریں گردش کر رہی تھیں اور اس سلسلے میں رات میں پنجاب کے دارالحکومت لاہور میں ایک اہم نشست کا امکان بھی ظاہر کیا جارہا تھا جس میں عمران خان کی شرکت متوقع تھی۔

ٹیگس