پاکستان، وزیر اعظم نے بڑے پیکج کا اعلان کر دیا
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے تقریباً 600 ارب روپے کے کسان پیکج کا اعلان کیا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: انہوں نے ساتھ میں یہ بھی کہا کہ اس سے شاندار پیکج نہیں ہوسکتا تھا، اس پر عمل کرنے کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔
پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ اس پیکج سے زراعت 4 سے 6 مہینے میں اتنی توانا ہوگی کہ ملکی معیشت کو بے پناہ تقویت ملے گی۔
انہوں نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں کسان پیکج کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب نے پورے پاکستان میں تباہی مچائی، 40 لاکھ ایکڑ پر کھڑی فصلیں تباہ ہوگئیں، سندھ میں کھجور کا نام و نشان مٹ گیا، کپاس اور چاول کی فصلوں کو نقصان ہوا، اسی طرح گنے کی فصل کا بھی نقصان ہوا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی معیشت کو اگر کوئی چیز آگے بڑھا سکتی ہے تو ہماری زرعی معیشت ہے، زراعت کو تیزی سے آگے بڑھا سکتے ہیں، ایسا شعبہ ہے جو 6 مہینے میں اپنی معیشت کو بالکل ٹرانسفارم کرسکتا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو 88 ارب روپے کی نقد اور اشیا کی شکل میں امداد تقسیم کی ہے، وفاق نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے 70 ارب روپے اور 18 ارب روپے این ڈی ایم اے کے ذریعے تقسیم کیے ہیں، جس میں کمبل، خوارک وغیرہ شامل ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ کسانوں کو 1800 ارب روپے کے قرضہ جات دیے جائیں گے، اس رقم میں پچھلے سال کے مقابلے میں 400 ارب روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ اس بات کو یقینی بنائیں گے کہ قرضے پوری طرح کسانوں کو مہیا کیے جائیں، سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جو چھوٹے کسانوں پر جو قرضے تھے، ان پر شرح سود کو معاف کیا جارہا ہے، اس کے لیے 10 ارب 60 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسی طریقے سے وفاق اور چھوٹے صوبوں نے مل کر سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں چھوٹے کسانوں کو تقریباً 8 ارب 20 کروڑ روپے مہیا کیے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ دیہی علاقوں میں جو نوجوان ہیں ان کے لیے پہلی مرتبہ زرعی شعبے کو شامل کیا گیا ہے، ان نوجوان بے روزگار بچوں کے لیے جو زرعی شعبے میں کام کرنا چاہیں گے ان کو 50 ارب روپے کے قرضے دیے جائیں گے، اور اس کے لیے حکومت پاکستان 6 ارب 40 کروڑ روپے سے شرح سود میں سبسڈی دے گی، ان کو سستا قرضہ مہیا کریں گے۔