پارٹی سربراہی کے لئے "عمران خان کی نااہلی" معاملہ، سماعت آج
توشہ خان ریفرنس میں نااہلی کے بعد پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کو پارٹی کی سربراہی سے ہٹانے کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں دائر درخواست پر سماعت آج ہونے والی ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان:پاکستانی ذرائع کے مطابق لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس ساجد محمود سیٹھی درخواست پر سماعت کریں گے۔
ایڈووکیٹ محمد آفاق کی جانب سے گزشتہ روز تین صفحات پر مشتمل درخواست دائر کی گئی تھی، درخواست میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے عمران خان کو نااہل قرار دے دیا ہے اور قانون کے مطابق نااہل شخص پارٹی چیئرمین کا عہدہ نہیں رکھ سکتا۔
عدالت میں دائر درخواست میں کہا گیا کہ عمران خان کو قومی اسمبلی کے حلقے این اے-پچانوے سے نااہل قرار دیا گیا تھا۔ انہوں نے عدالت میں دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان پاکستان تحریک انصاف کی سربراہی کرکے قانون کی خلاف ورزی کررہے ہیں۔
ایڈووکیٹ محمد آفاق نے استدعا کی تھی کہ عدالت عمران خان کو چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کے عہدے سے ہٹائے اور الیکشن کمیشن کو پاکستان تحریک انصاف کا نیا چیئرمین مقرر کرنے کا حکم دے۔
یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے اکیس اکتوبر کو عمران خان کے خلاف دائر کردہ توشہ خانہ ریفرنس کا فیصلہ سناتے ہوئے انہیں نااہل قرار دے دیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے عمران خان کو آئین پاکستان کے آرٹیکل ترسٹھ کی شق ’ایک‘ کی ذیلی شق ’پی‘ کے تحت نااہل کیا جبکہ آئین کے مذکورہ آرٹیکل کے تحت ان کی نااہلی کی مدت موجودہ اسمبلی کے اختتام تک برقرار رہے گی۔