عمران خان پر حملہ، 10 افراد زخمی، ایک جاں بحق
پاکستان کے وزیر آباد میں اولڈ کچہری چوک پر لانگ مارچ میں فائرنگ سے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سمیت 10 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔
نامعلوم شخص کنٹینر کے نیچے تھا جس نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں بھگدڑ مچ گئی ۔ فائرنگ سے 10 افراد زخمی اور ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ تمام زخمیوں کو اسپتال منتقل کرکے طبی امداد فراہم کی گئی جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔
ملزم نے عمران خان کا نشانہ لیکر پورا برسٹ فائر کیا۔ حملہ آور کو دیکھ کو پی ٹی آئی کارکن نے پستول پر ہاتھ مارا جس سے اس کا رخ بدل گیا اور کئی لوگ جسم کے نچلے حصوں پر گولیاں لگنے سے زخمی ہوئے۔
سیکیورٹی اہلکاروں نے عمران خان کو کنٹینر کے اندر فورا نیچے محفوظ جگہ پر منتقل کیا۔ کنٹینر سے بھی اعلان کیا گیا کہ عمران خان کی ٹانگ میں گولی لگی ہے۔
وزیراعلی پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔ انہوں نے کہا کہ واقعہ کی تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔
مبینہ حملہ آور نے پولیس کو بیان دیا کہ وہ صرف عمران خان کو قتل کرنے کے ارادے سے ہی آیا تھا کیونکہ اُس کے نزدیک چیئرمین پی ٹی آئی قوم کو گمراہ کررہے ہیں۔
وزیر اعلی پنجاب چودھری پرویزالہٰی نے فائرنگ کرنے والے ملزم کا وڈیو بیان لیک کرنے کے واقعہ کا سخت نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پنجاب پولیس کو غیر ذمہ دار اہلکاروں کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کی ہدایت کردی۔
وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں عمران خان اور سینیٹر فیصل جاوید زخمی ہوئے، ان کی جلد صحت یابی کیلئے دعا گو ہوں۔