Nov ۰۵, ۲۰۲۲ ۲۰:۵۶ Asia/Tehran
  • پاکستانی وزیر اعظم نے عمران خان کو چیلنج کر دیا

پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ عمران خان کے الزامات کی تحقیقات کے لیے فل کورٹ کمیشن تشکیل دیں۔

سحر نیوز/ پاکستان: اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اگر عمران خان نے حملے میں میری موجودگی سے متعلق کوئی ثبوت پیش کیا تو عہدے سے مستعفی ہونے کے ساتھ ساتھ ہمیشہ کے لیے سیاست بھی چھوڑ دوں گا۔

پاکستان کے وزیر اعظم نے استفسار کیا کہ عمران خان کو جب گولیاں لگیں تو تین گھنٹے کا سفر کر کے شوکت خانم کیوں گئے؟ انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق میڈیکولیگل سرکاری اسپتال دیتا ہے، اگر یہ اپنی مرضی کی ایف آئی آر کروانا چاہتے ہیں تو کروا دیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب حکومت، اسپیشل برانچ، آئی بی آپ کے پاس ہے اس کی تحقیقات کرائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے اٹھائس اکتوبر کو لانگ مارچ میں دہشت گردی کے خطرے کا الرٹ جاری کر دیا تھا،عمران خان فوج پر ایسے حملہ آور ہیں جیسے کوئی دشمن ہو۔

شہباز شریف نے عمران خان پر الزام لگایا کہ وہ غلط الزامات عائد کر کے قوم کو جھوٹ اور فراڈ سے گمراہ کر رہے ہیں۔

ٹیگس