پاکستان، آئیڈیاز 2022 بین الاقوامی نمائش کا انعقاد، بلاول بھٹو نے کیا افتتاح
پاکستان کی گیارھویں بین الاقوامی نمائش منگل سے کراچی میں شروع ہوگئی ہے۔ نمائش کی افتتاحیہ تقریب سے خطاب میں پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان ڈیفالٹ ہونے کے خطرے سے باہر نکل چکا ہے
کراچی سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کی گیارھویں بین الاقوامی نمائش آئیڈیاز دو ہزار بائیس کا افتتاح اس ملک کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو کی تقریر سے ہوا ۔ انھوں نے بین الاقوامی دفاعی نمائش کی افتتاحی تقریب سے اپنے خطاب میں کہا کہ پاکستان نے دنیا میں امن کے لئے کام کیا اور کرتا رہے گا ۔انھوں نے اسی کے ساتھ کہا کہ اتحادی حکومت ملک کو معاشی مسائل سے باہر نکالنے کے لئے کام کررہی ہے اور ملک ڈیفالٹ ہونے کے خطرےسے باہر آچکا ہے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ آئیڈیاز دو ہزار بائیس کے زیر عنوان بین الاقوامی نمائش کا انعقاد باہمی ہم آہنگی اور تعلقات کی بہتری میں معاون ثابت ہوگا۔
آئیڈیاز دوہزار بائیس کے زیر عنوان منعقدہ اس بین الاقوامی دفاعی نمائش میں پاکستان نے پہلی بار حربہ نام کے سب سونک کروز میزائل اور جدید جنگی ڈرون شاہپر ٹو مارکیٹنگ کے لئے رکھا ہے۔ پاکستانی ذرائع کے مطابق حربہ نام کا لانگ رینج اینٹی شپ کروز میزائل سمندر سے انتہائی کم اونچائی پر سفر کرنے کی خصوصیت کی وجہ سے دشمن کے ریڈار سسٹم سے اوجھل رہتا ہے۔
دوسری جانب سندھ پولیس نےاعلان کیا کہ اس کا سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن پہلی بار آئیڈیاز دو ہزار بائیس بین الاقوامی دفاعی نمائش اور سیمینار میں شرکت کر رہا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس تقریب میں پاکستان کی مسلح افواج، قومی اور بین الاقوامی دفاعی صنعتوں، کاروباری افراد اور اعلیٰ سطح کے قومی اور بین الاقوامی دفاعی وفود کی ایک بڑی تعداد شریک ہے۔ منگل پندرہ نومبر کو شروع ہونے والی یہ بین الاقوامی دفاعی نمائش اٹھارہ نومبر تک جاری رہے گی ۔
پاکستانی ذرائع کے مطابق ’آئیڈیاز بیس بائس‘ نام سے موسوم یہ دفاعی نمائش چار روزہ ہے جس میں چونسٹھ ممالک اپنی مصنوعات کے حصہ لے رہے ہیں۔
اس مرتبہ پہلی بار آسٹریلیا، رومانیہ اور ہنگری بھی پاکستان کی اس نمائش میں شریک ہو رہے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق نمائش کے دوران "انٹیلی جنس ان ڈیفنس مارکیٹ" سمینار کا انعقاد بھی کیا جائے گا جبکہ وزراء اور مسلح افواج کے سربراہان کی قیادت میں دوست ملکوں کے دفاعی وفود شرکت کریں گے۔
اسی کے ساتھ ساتھ نمائش کے دوران کراچی کے سی ویو پر سترہ نومبر کو ایئر شو کا انعقاد کیا جائے گا۔ اسکے علاوہ کچھ فوجی مشقیں بھی انجام دی جائیں گی۔
ایکسپو سینٹر میں دفاعی نمائش کے موقع پر ٹریفک پلان بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے تحت آج سے اٹھارہ نومبر تک حسن اسکوائر سے نیشنل اسٹیڈیم تک آنے اور جانے والے راستے صبح سات بجے سے شام چھے بجے تک ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند رہیں گے۔