پاکستان کے دارالحکومت میں سیکیورٹی بڑھا دی گئی
اسلام آباد میں، پی ٹی آئی کی ریلی کو این او سی ملنے کے پیش نظر سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔
پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد سے ہمارے نمائندے نے پولیس کے حوالے سے بتایا ہے کہ شہر کےسبھی داخلی اور خارجی راستوں پر سیکورٹی الرٹ کردی گئی ہے ۔
اس رپورٹ کے مطابق اسلام آباد پولیس نے اعلان کیا ہے کہ اسلام آباد میں داخل ہونے کے دس راستوں پرباڈی کیمروں کے ساتھ پولیس تعینات کئے جارہے ہیں ۔
اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے بتایا ہے کہ باڈی کیمروں سے امن عامہ کی صورتحال ریکارڈ کی جائے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ باڈی کیمروں کی ریکارڈنگ سے غیر قانونی کارروائیوں میں ملوث عناصر کی نشاندھی ہوجاتی ہے۔
انھوں نے بتایا کہ امن عامہ سے متعلق حالات میں باڈی کیمروں سے لیس پولیس اہکاروں کو پہلی بار تعینات کیا جارہا ہے ۔ انھوں نے بتایا کہ وفاقی دارالحکومت میں امن و امان کو برقرار رکھنے کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے لیس پولیس اہلکاروں کے ساتھ ہی ایف سی اور رینجرز کے اہلکار بھی ڈیوٹی دیں گے ۔
یاد رہے کہ اسلام آباد انتظامیہ نے پی ٹی آئی کی ریلی کے لئے این او سی جاری کردیا ہے جس کے بعد سابق وزیراعظم عمران خان نےاعلان کیا ہے کہ راولپنڈی سے اسلام آباد کے لئے مارچ کی قیادت وہ خود کریں گے ۔ انھوں نے اسی کے ساتھ اپنے کارکنوں اور طرفداروں کو جھبیس نومبر کو اسلام آباد پہنچنے کی کال دے دی ہے ۔