عمران خان 26 نومبر کو سرپرائز دینے والے ہیں
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ 26 نومبر کو سب کو سرپرائز ملے گا، مجھے ان کی منصوبہ بندی کا علم ہے اور میں آگے کی پلاننگ کررہا ہوں۔
سحر نیوز/ پاکستان: صحافیوں سے ملاقات کے دوران انہوں نے آرمی چیف کی تقرری سے متعلق کہا کہ یہ جس کو مرضی چاہیں آرمی چیف بنائیں میرے لئے کوئی مسئلہ نہیں ہے، اب یہ لوگ دونوں طرف سے پھنس چکے ہیں۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان نے کہا کہ الیکشن کرواتے ہیں تو یہ لوگ فارغ ہوجائیں گے، نہیں کرواتے تو ملک دیوالیہ ہونے کا خطرہ ہے، ہماری کوشش ہے جلداز جلد صاف شفاف انتخابات کا انعقاد ممکن ہو، نئے انتخابات کے علاوہ ملکی مسائل کا کوئی حل نہیں ہے۔
پاکستان کے سابق وزیراعظم نے کہا کہ صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے ذریعے مجھے پیغامات بھجوائے گئے ہیں لیکن میرا ایک ہی مطالبہ ہے الیکشن کی تاریخ دیں، الیکشن کی تاریخ دیں اس کے بعد ساری بات چیت ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ ان کی کرپشن کی داستان سے پوری دنیا واقف ہے، میرے خلاف پوری ریاستی مشینری استعمال کرکے بھی گھڑی کے علاوہ کچھ نہ نکال سکے، گھڑی والے معاملے پر عدالت جارہا ہوں، پورا یقین ہے عدالت میں یہ پراپیگنڈا عیاں ہوجائے گا، انہوں نے کبھی عوام کی طاقت کو سمجھا ہی نہیں ہے۔
خیال رہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے لانگ مارچ ختم کر کے پارٹی رہنماؤں اور کارکنوں کو 26 نومبر کو راولپنڈی پہنچنے کی کال دی ہے۔