Nov ۲۴, ۲۰۲۲ ۱۸:۳۹ Asia/Tehran
  •   پاکستان کے صدر اور وزیراعظم سے جنرل عاصم منیر اور جنرل ساحر شمشاد  کی ملاقات

پاکستان کے صدر نے وزیراعظم کی سفارشات پر دستخط کرکے ، جنرل عاصم منیر کو ملک کا نیا آرمی چیف مقرر کردیا ہے۔

پاکستان کےنئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور نئے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد نے ایوان صدر میں پاکستان کے صدر ڈاکٹر عارف علوی سے علیحدہ علیحدہ  ملاقات کی۔

صدر پاکستان سے ملاقات اور گفتگو کرنے کے بعد جنرل عاصم منیر اور نئے جنرل ساحر شمشاد نے وزیر اعظم ہاوس میں وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات اور گفتگو کی ۔

یاد رہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور آرمی چیف کی تقرری کی سمری آج صدر پاکستان کو موصول ہوئی تھی جس کے بعد صدر عارف علوی نے لاہور میں چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کی اور پھر واپس اسلام آباد پہنچ کر سمری پر دستخط کردیے، صدر پاکستان عارف علوی نے آئین کے آرٹیکل 243 کے تحت وزیراعظم کی ایڈوائس پر منظوری دی۔

جنرل عاصم منیر ، جنرل قمر جاوید باجوا کی جگہ لیں گے جوتین تین سال کی دو مدت پوری کرنے کے بعد عنقریب اپنے عہدے سے سبکدوش ہونے والے ہیں۔
یہ پیشرفت ایسے وقت ہوئی ہے کہ جب پچھلے چند ہفتے سے نئے آرمی چیف کی تقرری کا معاملہ پاکستان کے سیاسی اور صحافتی حلقوں میں موضوع بحث بنا رہا اور پاکستان میں نئے آرمی چیف کی تعیناتی کو لے کر ہیجان کی کیفیت بن گئی تھی۔

ٹیگس