Dec ۰۳, ۲۰۲۲ ۱۵:۴۳ Asia/Tehran
  • اسمبلیاں اسی مہینے توڑ کر الیکشن کی طرف جائیں گے: عمران خان

پاکستان کے سابق وزیراعظم اور تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ صوبائی اسمبلیاں اسی مہینے توڑ دیں گے۔

سحر نیوز/ پاکستان: خیبر پختونخوا اسمبلی کی پارلیمانی پارٹی کے اراکین سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ہم اسی ماہ صوبائی حکومتوں کو تحلیل کر کے الیکشن کی طرف جائیں گے ۔ عمران خان نے کہا کہ ان کو کہا اگر جنرل الیکشن کی تاریخ دینے میں بات کرنا چاہتے ہیں تو ہم بات کریں گے، مجھے لگتا ہے ہم جنرل الیکشن کی طرف جا رہے ہیں، ہینڈلرز کو پتہ ہونا چاہیے،جنہوں نے اس ملک میں رہنا ہے نقصان ان کا ہورہا ہے، اس صورتحال میں ملک مزید خطرے میں ہے۔

عمران خان نے دعوی کیا کہ کوئی بھی اب یہ نہیں سمجھتا کہ پاکستان اپنا قرض واپس کرے گا، بیرون ملک کی فنانشل مارکیٹس کا اعتماد ان پر نہیں رہا، یہ لوگ ملک کو تباہی کے کنارے پر کھڑا کر کے تیسری مرتبہ باہر بھاگیں گے، الیکشن کمیشن ان کے ساتھ ملا ہوا ہے، الیکشن کمیشن ان کی پارٹی کا کوئی ممبر لگتا ہے، نوازشریف اور آصف زرداری ملک کی بہتری کے لئے فیصلے نہیں کرتے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے دعوی کیا کہ الیکشن جب بھی ہوئے ہم جیت جائیں گے، ملک میں سیاسی استحکام کی ضرورت ہے، ان کے آنے کا صرف ایک مقصد تھا کہ ان کے اربوں کے کیسز معاف ہوں، جنرل مشرف نے ملک کو ان دونوں پارٹیوں سے بہتر چلایا، یہ پہلے ہی جنرل مشرف سے این آر او لے کر چوری معاف کرواچکے تھے، ملک آپ سے سنبھالا نہیں جارہا ،ملک ڈیفالٹ کی طرف جارہا ہے، حکومت کے اوپر ایک بھی شعبہ اعتماد نہیں کررہا۔

پاکستان کے سابق وزیراعظم نے کہا کہ ملک کے معاشی حالات تیزی سے نیچے جارہے ہیں، بزنس کمیونٹی کا اعتماد ان پر سے اٹھ چکا ہے، مفتاح اسماعیل اور اسحاق ڈار آپس میں لڑرہے ہیں، ملک نیچے جارہا ہے،یہ جو وزیر خزانہ لے کر آئے تھے وہ آپس میں لڑ رہے ہیں، الیکشن چاہے اکتوبر میں ہوں یا اگست میں تحریک انصاف نے جیتنا ہے۔

ٹیگس