پاکستانی وزیر اعظم نے عمران خان سے اختلافات دور کرنے کی بات کہی
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ تالی ایک نہیں، دونوں ہاتھوں سے بجتی ہے، ہم پاکستان کی خاطر تمام اختلافات بھلا سکتے ہیں۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے دارالحکومت اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان کے لیے ایک کیا سو قدم بھی آگے بڑھا سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی میں میرے خلاف 2 سال تک تحقیقات ہوتی رہیں۔ پاناما میں نواز شریف کا دُور دُورتک نام نہیں تھا۔ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کی تحقیقات کا نتیجہ سب کے سامنے ہے۔
پاکستان کے وزیراعظم نے کہا کہ سابقہ حکومت نے شریف خاندان نہیں بلکہ پاکستان کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔ کیس پاناما کا تھا اورسزا اقامہ پردی گئی۔
شہباز شریف نے کہا کہ ڈیلی میل نے 3 سال معاملے کو لٹکائے رکھا۔ کورونا کا بہانہ کرکے ڈیلی میل نے 3 سال ضائع کیے۔ ڈیلی میل نے مجھ سے نہیں پاکستان کے 22 کروڑ عوام سے معافی مانگی ہے۔
پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران پر تنقید کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ دن رات جھوٹ بولا گیا جس کی مثال نہیں ملتی۔ ایک شخص نے ہماری معیشت کو تباہ اور خارجہ پالیسی کو نقصان پہنچایا۔ گزشتہ حکومت نے ہمارے خاندان کو بدنام کرنے کی کوشش کی۔ پوری دنیا میں شریف خاندان کو رسوا کرکے رکھ دیا۔ ہمارے خاندان پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے۔
سابق آرمی چیف سے متعلق متنازع بیانات پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ باجوہ صاحب ریٹائرڈ ہوگئے ہیں، ان کو چین سے زندگی بسرکرنے دیں۔ باجوہ صاحب عمران خان کے محسن تھے۔