پاکستان کا بڑا دعوی، جوہر ٹاون دھماکے میں ہندوستان ملوث
پاکستان نے ایک بار پھر ہندوستان پر ملک میں دہشت گردی کے واقعات میں ملوث ہونے کا الزام لگایا ہے۔
سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیر داخلہ کا کہنا ہے کہ لاہور جوہر ٹاؤن دھماکے میں ہندوستان کے ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے اور دھماکے کے ذمہ دار تین دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے رانا ثنااللہ نے کہا کہ ہندوستانی دہشتگردی کا معاملہ وزارت خارجہ کے ذریعے اقوام متحدہ میں اٹھائیں گے، کلبھوشن کا معاملہ پاکستان میں ہندوستانی دہشت گردی کا منہ بولتا ثبوت ہے، ہندوستان پاکستان میں ہرقسم کی دہشت گردی کو پروموٹ کرتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان بہت عرصے سے دہشت گردی کی آگ میں جھلس رہا ہے، دہشت گردی کا کوئی بھی واقعہ ہو ہندوستان اس میں کسی نہ کسی انداز میں شامل رہا ہے، پاکستان میں مساجد اور امام بارگاہوں کا نشانہ بنایا گیا۔
پاکستان کے وزیر خارجہ نے دعوی کیا کہ ہندوستان کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب کرتے رہیں گے۔
وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف قوم نے بے پناہ قربانیاں دیں، ہم ہر روز نئی صورتحال سے دو چار ہوتے ہیں، پاکستان کئی دہائیوں سے دہشت گردی کا سامنا کر رہا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے بتایا کہ جوہر ٹاؤن دھماکے کے 24 گھنٹے کے اندر 3 دہشت گردوں کو گرفتارکیا، کسی دہشتگرد تنظیم نے جوہر ٹاون دھماکے کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔