عمران خان کے خلاف نااہلی کا ایک اور کیس
مبینہ بیٹی کو کاغذات نامزدگی میں چھپانے پر پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان کے خلاف نااہلی کیس سماعت کے لئے مقرر کردیا گیا۔
سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے مبینہ بیٹی کو کاغذات نامزدگی چھپانے پر عمران خان کے خلاف نااہلی کیس سماعت کے لئے مقرر کیا ہے۔
اسلام آباد ہائی کورٹ نے اس کیس میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان، الیکشن کمیشن اور وفاق کو نوٹس جاری کر رکھا ہے عدالت نے فریقین کو پری ایڈمشن نوٹس جاری کرکے جواب طلب کرلیا ہے۔
عمران خان کو نااہل قرار دیئے جانے کی یہ درخواست ایک شہری نے دائر کی ہے جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ عمران خان نے کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت غلط معلومات فراہم کیں۔
انہوں نے اپنے بچوں کی تفصیل میں دو بیٹوں کا ذکر کیا لیکن ایک بیٹی کی معلومات چھپائیں۔ اس سے پہلے عدالت نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کر لیا تھا لیکن اب قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر دلائل طلب کرلئے ہیں۔