عمران خان کی ریٹائرڈ جنرل باجوہ پر کڑی تنقید
پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا ہے کہ اگر جلد شفاف الیکشن نہیں ہوا تو ملک میں انتشار پیدا ہوجائے گا اور سترہ دسمبر کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کا اعلان کریں گے۔
سحرنیوز/پاکستان: عمران خان نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی موجودہ معاشی صورتحال کی ذمہ دار موجودہ حکومت ہے۔
پی ٹی آئی کے چیئرمین نے کہا کہ اگر ملک میں جلد صاف و شفاف الیکشن نہیں ہوتا تو ملک انتشار کا شکار ہوجائے گا۔
عمران خان نے اپنی پریس کانفرنس میں کہا کہ سترہ دسمبر کو اعلان کردیں گے کہ پنجاب اور خیبرپختونخوا کی اسمبلیاں کب تحلیل کریں گے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے آرمی چیف ریٹائرڈ جنرل باجوہ پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے مسلم لیگ نون اور پیپلزپارٹی کو این آر او ٹو دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریٹائرڈ جنرل باجوہ نے ملک کے ساتھ وہ کیا جو کوئی دشمن بھی نہیں کرسکتاتھا -
ان کا کہنا تھا کہ جب میں حکومت میں تھا تو جنرل باجوہ نے کہا تھا کہ احتساب کو بھول جاؤ۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ ادارے میں موجود کالی بھیڑوں کا صفایا کرکے ادارے کا اپنا وقار بلند کیا جاسکتا ہے۔