بلاول بھٹو زرداری کی اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل سے ملاقات
پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انٹونیو گوٹریش سے ملاقات کی ہے۔
سحرنیوز/پاکستان: میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹریش نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں جاری امدادی سرگرمیوں اور طویل مدت بحالی، آبادکاری اور تعمیرنو کے لئے پاکستان کی مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا ہے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ نے اپنے ملک میں تباہ کن سیلاب کے بعد بڑے پیمانے پر امداد کا اعلان اور موسمیاتی تبدیلی سے محفوظ پاکستان کے موضوع پر بین الاقوامی کانفرنس کی مشترکہ میزبانی کرنے پر سیکرٹری جنرل سے اظہار تشکر کیا۔
یہ ملاقات ایسے وقت میں ہوئی ہے جب اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے ہنگامی خوراک کی امداد جنوری میں ختم ہو جائے گی جبکہ اپیل کے باوجود صرف ایک تہائی امداد موصول ہوئی ہے۔
اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں بدترین سیلاب نتیجے میں اسی لاکھ سے نوے لاکھ افراد غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے ہیں۔
قابل ذکر ہے کہ رواں برس پاکستان میں مسلسل بارشوں کے بعد تباہ کن سیلاب آیا تھا جس کی وجہ سے ملک کا ایک تہائی حصہ زیر آب آگیا۔