اسمبلیوں کی تحلیل رکوانےکے لیے، شہباز شریف اور آصف زرداری سرگرم
حکومت اور اس کی اتحادی جماعتیں اسمبلیوں کی تحلیل روکنے کے لیے سرگرم ہوگئی ہیں جبکہ سابق صدر آصف علی زرداری بھی لاھور پہنچ گئے ہیں۔
سحر نیوز/ پاکستان: میڈیا رپورٹوں میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے لاھور میں اپنی قیام گاہ پر ایک اہم میٹنگ کے دوران اسمبلیوں کی ممکنہ تحلیل کے حوالے سے پارٹی کے بعض رہنماؤں سے تبادلہ خیال کیا ہے۔
میٹنگ میں خواجہ سعد رفیق، ایاز صادق، سلمان رفیق، ملک احمد خان، عطا تارڑ ودیگر شریک ہوئے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی میں وزیراعلی کے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا فیصلہ فی الحال موخر کردیا ہے۔
کہا جارہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب اسمبلی تحلیل روکوانے کے لیے پارٹی حکمت عملی پر مشاورت جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
دوسری جانب اطلاعات ہیں کہ پاکستان کے سابق صدر اور حکومت کی اہم اتحادی جماعت پیپلزپارٹی کے شریک چیرمین آصف علی زرداری بھی ایک بار پھر متحرک ہوگئے ہیں اور وہ آج لاھور میں مختلف سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کررہے ہیں۔
اپوزیشن کی جماعت تحریک انصاف نے آئندہ جمعے تک اسمبلیان تحلیل کرنے کا اعلان کیا ہے جس کا آغاز پنجاب اسمبلی سے کیا جائے گا۔اس اقدام کا مقصد حکومت پر نئے الیکشن کے لیے دباؤ ڈالنا بتایا گیا ہے۔