Dec ۲۰, ۲۰۲۲ ۲۰:۴۱ Asia/Tehran
  • پاکستان، بنوں آپریشن ختم، تمام یرغمال ہوئے آزاد

پاکستان کے وزیر دفاع نے خبر دی ہے کہ بنوں میں یرغمال بنائے گئے سی ٹی ڈی اہل کاروں کو رہا کرالیا گیا۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کے آپریشن میں تمام دہشت گرد مارے گئے جبکہ دو سیکورٹی اہلکار جاں بحق اور ایس ایس جی افسر سمیت 15 زخمی ہوگئے۔

دو روز قبل سی ٹی ڈی کمپاؤنڈ پر تحریک طالبان پاکستان کے دہشت گردوں نے حملہ کرکے اہلکاروں کو یرغمال بنالیا تھا اور انہیں رہا کرنے کے عوض مختلف مطالبات پیش کیے تھے جن میں افغانستان کی طرف محفوظ راستہ دینے کا مطالبہ بھی شامل تھا۔

اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں سے مذاکرات کی کوشش کی گئی تاہم ناکامی کے بعد منگل کے روز سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو مکمل سیل کرکے گھیرے میں لیا اور آپریشن شروع کردیا جس میں ہیلی کاپٹر اور پاکستانی فوج کےاسپیشل سروسز گروپ کمانڈوز نے بھی حصہ لیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ دوران آپریشن وقفے وقفے سے دو طرفہ فائرنگ ہوئی اور مقابلے میں تمام دہشت گرد مارے گئے جس کے بعد کمپاؤنڈ کو کلیئر قرار دے دیا گیا۔

پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پاکستان کے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف  نے ایوان کو  بتایا کہ اٹھارہ دہشت گرد سی ٹی ڈی کی حراست میں تھے، ایک دہشت گرد نے سی ٹی ڈی اہلکار کے سر پر اینٹ مارکر اسلحہ چھین لیا۔

ان کا کہنا تھا کہ بیس دسمبر کو ساڑھے بارہ بجے ایس ایس جی نے آپریشن شروع کیا جس میں تمام 33 دہشت گرد مارے گئے، ایس ایس جی کے ایک افسر سمیت دس سے پندرہ اہلکار زخمی ہوئے ہیں، افسوسناک پہلو یہ ہے کہ دہشت گردی دوبارہ سراٹھار ہی ہے۔

ٹیگس