پاکستان، ٹی ٹی پی کا پھر حملہ، 5 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق
چمن اور تربت میں عسکریت پسندوں کے علیحدہ علیحدہ حملوں میں 5 سیکیورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔
سحر نیوز/پاکستان: سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ ضلع کیچ میں تربت کے علاقے دنوک گوگدان میں نامعلوم مسلح افراد نے فرنٹیئر کور بلوچستان (جنوبی) کی گاڑی پر حملہ کیا۔
ایف سی اہلکاروں نے حملہ آوروں سے مقابلہ کیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے کے بعد ایک صوبیدار سمیت 4 افراد جاں بحق ہو گئے۔ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔
جبکہ چمن میں ہونے والے ایک علیحدہ حملے میں نامعلوم مسلح موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے لیویز کا ایک سپاہی جاں بحق ہوا۔
کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
واضح رہے کہ طالبان پاکستان نے حکومت کے ساتھ جنگ بندی ختم کرنے کے بعد بڑے پیمانے پر حملوں کا سلسلہ شروع کیا جس کے نتیجے میں اب تک متعدد فوجی اور عام شہری جاں بحق و زخمی ہوئے ہیں۔