Dec ۳۱, ۲۰۲۲ ۱۰:۵۲ Asia/Tehran
  • کالعدم القاعدہ کا اہم سرغنہ گرفتار

دہشت گرد نیٹ ورک کے خلاف سی ٹی ڈی کا بڑا کریک ڈاؤن، تین شہروں سے پانچ دہشت گرد گرفتار کرلیے گئے۔

سحر نیوز/پاکستان: کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) حکام کے مطابق دہشتگردوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے تین شہروں سے پانچ دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا گیا ہے، گرفتار ہونے والوں میں کالعدم القاعدہ کا اہم سرغنہ بھی شامل ہے جس کے قبضے سے خودکش جیکٹ بنانے کا سامان، بارودی مواد، اسلحہ اور ممنوعہ لٹریچر برآمد ہوا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کے مطابق گرفتار دہشت گردوں کی شناخت فاروق شاہ، سیف اللہ، سید شاہ زیب، احمد خان، اسرار احمد کے نام سے ہوئی ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار دہشت گرد حساس اضلاع میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی مکمل کرچکے تھے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی نے رواں ہفتے 504 کومبنگ آپریشنز میں 21 ہزار سے زائد افراد کو چیک کیا، 153 مشتبہ افراد کی گرفتاری عمل میں لائی گئی جبکہ کارروائیوں کے دوران 67 بازیابیاں بھی کی گئیں۔

واضح رہے کہ ان دنوں پاکستان میں دہشتگردی نے ایک مرتبہ پھر سر اٹھایا ہے اور گزشتہ ایک ماہ کے دوران پاکستان کے مختلف علاقوں میں دہشتگردی کے کئی واقعات رونما ہوئے جن میں متعدد افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے۔

ٹیگس