چوہدری پرویز الٰہی وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے پر برقرار
چوہدری پرویز الٰہی پاکستان کی صوبائی پنجاب اسمبلی میں اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئے جس کے بعد وہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے عہدے پر برقرار رہیں گے۔
سحر نیوز/پاکستان: جیو نیوز کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پرویز الہٰی پر اعتماد کے ووٹ پر رائے شماری کیلئے پنجاب اسمبلی میں راتوں رات کارروائی شروع کی۔
پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں، راجہ بشارت اور میاں اسلم اقبال نے وزیر اعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی پر اعتماد کے ووٹ کیلئے قرارداد پیش کی جس کے بعد ووٹنگ کا عمل شروع ہوا۔ ووٹنگ کی گنتی کے مطابق پرویز الٰہی نے ایک سو چھیاسی ووٹ حاصل کر لئے۔
بعد ازاں پنجاب اسمبلی کا اجلاس تیئس جنوری دوپہر دو بجے تک کے لئے ملتوی کردیا گیا، اسپیکر اعتماد کے ووٹ کے نتائج کی کاپی گورنر اور عدالت کو بھیجیں گے۔
اس سے قبل ایوان میں حاضری رجسٹرز کے مطابق پی ٹی آئی اور ق لیگ کے ایک سو اکیاسی ارکان نے حاضری لگائی تھی۔ اعتماد کے ووٹ کے لیے اسمبلی کی کارروائی رات گئے شروع ہوئی اور ایجنڈا جاری ہونے پر اپوزیشن ارکان نے احتجاج کرتے ہوئے ایجنڈے کی کاپیاں پھاڑ کر ہوا میں اڑادیں اور اجلاس کا بائیکاٹ کیا۔
ایوان میں اپوزیشن کی جانب سے ڈاکو ڈاکو کے نعرے لگائے گئے جس کے بعد ن لیگ اور پیپلز پارٹی کے ارکان پنجاب اسمبلی ایوان سے باہر چلے گئے اور اجلاس کی کارروائی کو آئین کے خلاف بتا کر اُسے مسترد کر دیا۔