Jan ۱۸, ۲۰۲۳ ۱۰:۵۱ Asia/Tehran
  • کے پی اسمبلی، فائل فوٹو
    کے پی اسمبلی، فائل فوٹو

پاکستان کے صوبے خیبرپختونخوا میں صوبائی اسمبلی تحلیل کر دی گئی ہے اور وزیر اعلیٰ محمود خان کی طرف سے بھجوائی گئی سمری پر گورنر حاجی غلام علی نے دستخط کر دیئے ہیں۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا اسمبلی تحیل کردی گئی ہے اور تحریک انصاف کے وزیر اعلیٰ محمود کی طرف سے بھجوائی گئی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر گورنر حاجی غلام علی نے دستخط کر دیئے ہیں۔ اس سے پہلے پنجاب میں بھی صوبائی اسمبلی اس وقت تحلیل کردی گئی تھی جب تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے موجودہ سیاسی نظام کو کرپٹ قرار دیتے ہوئے فیصلہ کیا تھا کہ وہ اُسکا حصہ نہیں رہیں گے اور وہ دو صوبوں میں اسمبلیاں تحلیل کردیں گے۔ ان دونوں صوبوں میں پی ٹی آئی جماعت کی حکومت تھی۔

رپورٹ کے مطابق گورنر خیبرپختونخوا کی طرف سے اس حوالے سے نوٹیفیکشن جاری کر دیا گیا ہے جو وزیر اعلیٰ محمود اور حزب مخالف جماعت کے سربراہ اکرم خان درانی کو بھیج دیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کے پی اسمبلی اور صوبائی کابینہ آئین کی شق 1 کے آرٹیکل 112 کے تحت فوری طور پر تحلیل کردی گئی ہے۔

آئین کے مطابق گورنر دونوں جماعتوں کے مشورے سے نگران چیف منسٹرکا اعلان کریں گے اور اس حوالے سے گورنر نے 21 جنوری کی مہلت دی ہے جس میں دونوں جماعتیں اپنے امیدواروں کے نام مہیا کریں گے جب کہ نگران چیف منسٹر کے انتخاب تک موجودہ چیف منسٹر اپنی ذمہ داریاں ادا کرتے رہیں گے۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان قومی اسمبلیاں تحلیل کرنے اور فوری اتنخابات کا مطالبہ کر رہے ہیں جب کہ مسلم لیگ ن کی حکمران جماعت کے لندن مقیم سربراہ نواز شریف کہتے ہیں کہ وہ عمران خان کی بلیک میلنگ میں نہیں آئیں گے اور انتخابات اپنے وقت پر اکتوبر نومبر 2023ء میں ہی ہوں گے۔

ٹیگس