Jan ۱۹, ۲۰۲۳ ۱۰:۱۱ Asia/Tehran
  • نواز شریف کی پاکستان واپسی کی قیاس آرائیاں عروج پر

رانا ثناء اللہ کے لندن پہنچنے اور پی ایم ایل ن کے سربراہ اور سابق وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کے بعد پنجاب کے گورنر بلیغ الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ نواز شریف ایک ماہ کے اندر پاکستان لوٹ آئیں گے۔

سحرنیوز/پاکستان: پاکستانی میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب کے گورنر بلیغ الرحمان نے کہا ہے کہ نواز شریف ایک ماہ کے اندر پاکستان واپس آ جائیں گے اور میں انہیں خوش آمدید کہنے کے لئے ائیرپورٹ جاؤں گا اور ان کے ساتھ جماعت کی چیف آرگنائزر مریم نواز بھی آئیں گی۔

اس سے پہلے رانا ثناءاللہ، ایاز صادق، جاوید لطیف، عطاءاللہ تارڑ اور ملک احمد بھی نواز شریف کی پاکستان واپسی کی باتیں کر چکے ہیں.

نواز شریف کی واپسی کی چہ مگوئیاں اس وقت زیادہ ہوگئی ہیں جب پاکستان صوبہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں اسمبلیاں تحلیل کردی گئی ہیں اور پاکستان مسلم لیگ ن کو اپنے کارکنوں، مقامی رہنماؤں کے حوصلے بلند کرنے کی پریشانی لاحق ہے۔

پاکستانی میڈیا کے نمائندے سے بات کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ ن کے ایک رہنما نے کہا کہ تحریک انصاف پاکستان کے چیئرمین کی شہرت بڑھ رہی ہے جنہیں گزشتہ اپریل میں اپنی وزارت سے ہاتھ دھونا پڑا تھا، پارٹی کی بیشتر قیادت غیریقینی صورتحال کا شکار ہے اور اگر وہ انتخابات میں اور خاص طور پر پنجاب میں جیتنا چاہتے ہیں تو نواز شریف کو پاکستان آنا پڑے گا۔

رانا ثناءاللہ نے کہا تھا کہ نواز شریف اس وقت واپس آئیں گے جب ان کے خلاف کیسوں میں کوئی نرمی آئے گی اور انہیں یقین ہو جائے گا کہ ان کے واپس آنے پر انہیں ضمانت مل جائے گی۔ ضمانت کی درخواست کے علاوہ پی ایم ایل ن کی حکومت پارلیمنٹ میں قانون میں تبدیلی کےلئے قانون سازی بھی کرسکتی ہے جس سے نواز شریف کو پاناما پیپرز کیس میں عدالت کی طرف سے لگی پابندیوں کے خاتمے میں مدد مل سکے گی۔

پاکستان کے ایک معروف اخبار نے اپنے تجزیے میں لکھا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ کو اپنی صورتحال بہتر بنانے کے لئے ایک نئے منظرنامے اور ایک نئی داستان کی ضرورت ہے جو آنے والے انتخابات میں عوام کے سامنے پیش کر کے ان سے ووٹ حاصل کرنے میں مددگار ہو۔

ٹیگس