پاکستان؛ پنجاب کا نگران وزیر اعلیٰ کون؟ آج ہوگا فیصلہ
چودھری پرویز الہٰی نے سردار احمد نواز سکھیرا اور نوید اکرم چیمہ کے نام تجویز کئے ہیں جبکہ حمزہ شہباز نے نگراں وزیراعلیٰ کے لئے محسن نقوی اور احد چیمہ کے ناموں کی توثیق کی ہے۔
سحر نیوز/پاکستان: نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کے لئے اسپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے بنائی گئی دو طرفہ پارلیمانی کمیٹی مقررہ وقت میں اتفاق رائے پر پہنچنے میں ناکام رہی جس کے بعد الیکشن کمیشن آج شام 6 بجے ہونے والے اجلاس میں نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کا انتخاب کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سربراہ الیکشن کمیشن سکندر سلطان راجا کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر اور کمیشن ارکان کے درمیان غیر رسمی بات چیت سے قبل اس معاملے کے بارے میں فیصلے پر اتفاق رائے کی راہ ہموار کی جائے گی۔
نگراں وزیر اعلیٰ کے لیے نامزد امیدوار کا فیصلہ کرنے کے لیے الیکشن کمیشن کے پاس صرف آج کا دن ہے کیونکہ آئین کے آرٹیکل اے-224 کے تحت الیکشن کمیشن کو دیا گیا 2 روز کا وقت آج ختم ہو رہا ہے۔
دوسری جانب چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ ہم نے نگران وزیر اعلیٰ کیلئے پنجاب میں بہترین نام دیئے.انہوں نے کہا کہجو نام اپوزیشن کی طرف سے پیش کئے گئے ہیں وہ آصف علی زرداری اور شہباز شریف کے فرنٹ میں ہیں اور وہ نیوٹرل نہیں ہیں، جبکہ نگران وزیر اعلیٰ کو نیوٹرل ہونے کی ضرورت ہے۔
عمران خان نے خبردار کیا کہ اگر نیوٹرل شخص کو نگران وزیر اعلیٰ منتخب نہ کیا گیا تو وہ اور انکی پارٹی اُسے تسلیم نہیں کریں گے۔