Jan ۲۳, ۲۰۲۳ ۱۳:۲۲ Asia/Tehran
  • پنجاب اور خیبر پختونخوا کے لئے الیکشن کمیشن کی گائڈ لائن

پاکستان الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا اور پنجاب کی نگراں حکومتوں کے لیے گائڈ لائن جاری کردی ہے۔

سحر نیوز/ پاکستان: پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق انتخابی کمیشن کی گائڈ لائن میں کہا گیا ہے کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کی نگراں حکومتیں انتخابات کے انعقاد میں کمیشن کے ساتھ تعاون کریں گی ۔
انتخابی کمیشن کی گائڈ لائن کے مطابق دونوں صوبوں کی سبھی وزارتوں میں محکموں میں بھرتیوں پر پابندی عائد کردی گئی ہے اور انتخابی کمیشن کی منظوری کے بغیر کسی بھی سرکاری ملازم کی نہ تقرری کی جاسکتی ہے اور نہ ہی کسی کا تبادلہ کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ دونوں صوبوں میں کسی بھی ترقیاتی منصوبے کا اعلان بھی نہیں کیا جاسکتا۔
گائڈ لائن کے مطابق دونوں صوبوں کی نگراں حکومتیں روزانہ کی بنیاد پر کام کریں گی اور نگراں وزرائے اعلی اور وزرا تین دن کے اندر اپنے اثاثہ جات کی فہرست جمع کرائیں گے۔ 
یاد رہے کہ پنجاب اور صوبہ خیبرپختونخوا دونوں صوبوں کی اسمبلیاں تحلیل ہونے کے بعد نگران حکومتیں قائم کردی گئی ہیں ۔ صوبہ خیبرپختونخوا میں نگراں وزیر اعلی کا انتخاب حکمراں جماعت اور اپوزیشن کے اتفاق رائے سے عمل میں آیا لیکن پنجاب میں دونوں میں اتفاق رائے نہ ہونے کی وجہ سے نگراں وزیر اعلان کا تقرر قومی الیکشن کمیشن نے کیا۔
پنجاب کے نگران وزیر اعلی محسن رضا نقوی نے عہدے کا حلف لینے کے بعد گورنر پنجاب سے ملاقات میں صوبے کے امور چلانے میں تعاون پر اتفاق کیا ہے۔

ٹیگس